فلائی جناح کے نئے ایئربس اے 320 طیارے کی فرانس میں پہلی کامیاب آزمائشی پرواز

فلائی جناح کے نئے ایئربس اے 320 طیارے نے فرانس کے شہر ٹولوز میں پہلی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کرلی۔
طیارے نے فرانسیسی رجسٹریشن کے تحت دوپہر 12 بج کر 8 منٹ پر اڑان بھری اور 2 گھنٹے 2 منٹ کی پرواز کے بعد دوپہر 2 بج کر 10 منٹ پر واپس ٹولوز میں لینڈ کیا۔ آزمائشی پرواز کے دوران طیارہ 39 ہزار فٹ کی زیادہ سے زیادہ بلندی تک پہنچا۔
پاکستان پہنچنے اور ایئرلائن کے بیڑے میں شامل ہونے کے بعد طیارے کو پاکستانی رجسٹریشن نمبر AP-BQA دیا جائے گا۔ یہ طیارہ کمپنی کے آرڈر کے تحت فلائی جناح کے بیڑے کا حصہ بنے گا۔
ذرائع کے مطابق نئے طیارے کی شمولیت سے ایئرلائن کے ملکی اور بین الاقوامی فضائی آپریشنز میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت