پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی، عوام کا مہنگائی سے نجات کا مطالبہ

کراچی: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 3 نومبر 2026 سے ہوگا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 40 پیسے کمی کردی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 374 روپے 51 پیسے مقرر ہوگئی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 76 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 395 روپے 20 پیسے ہوگئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی سے پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ معمولی کمی سے گھریلو اخراجات کا بوجھ کم نہیں ہوگا۔ عوام پہلے ہی بجلی، گیس، اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی ضروریات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ آمدنی اور تنخواہوں میں اضافے کی رفتار اخراجات کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف گاڑیوں کے ایندھن تک محدود نہیں رہتے بلکہ ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر چیزوں کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں، قیمتوں میں کمی کے باوجود بازاروں میں اشیائے ضروریہ سستی نہیں ہوتیں۔ عوام کا شکوہ ہے کہ مہنگائی کے باعث گھر کا بجٹ چلانا مشکل ہوگیا ہے، بچوں کی تعلیم، علاج معالجے اور بجلی و گیس کے بلوں کی ادائیگی کے بعد عام آدمی کے لیے دیگر ضروریات پوری کرنا بھی دشوار ہوتا جا رہا ہے۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کے ساتھ بجلی، گیس اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کی جائے تاکہ مہنگائی کے مسلسل بوجھ سے پریشان عام شہریوں کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت