پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

پی ٹی آئی کا سہیل آفریدی سمیت تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ

قومی خبریں
پی ٹی آئی کا سہیل آفریدی سمیت تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ

اسلام آباد: تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی، دیگر اراکین اسمبلی اور پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کرنے، کارکنوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔

تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر منتخب پارلیمنٹیرینز کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندوں کو گرفتار رکھنا جمہوری اقدار اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔ کمیٹی نے تمام گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

اعلامیے میں بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اسپتال منتقل کیے جانے سے متعلق اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، اہل خانہ کو اعتماد میں لیے بغیر اسپتال منتقلی کے اقدامات تشویش ناک ہیں اور یہ انسانی حقوق کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کرتے ہیں۔ کمیٹی نے بانی چیئرمین عمران خان کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری اور مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحت کے بارے میں اہل خانہ کو باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے اور انہیں ملاقات و عیادت کی سہولت فراہم کی جائے۔

سیاسی کمیٹی نے بشریٰ بی بی کے لیے مناسب طبی سہولیات کی فراہمی اور اہل خانہ سے ملاقات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اعلامیے میں بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی مذمت کرتے ہوئے تمام گرفتار افراد کی رہائی اور انہیں اپنے بھائی سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ کمیٹی کے مطابق کسی خاندان کو اپنے عزیز کی خیریت دریافت کرنے اور ملاقات کے بنیادی حق سے محروم رکھنا قابل قبول نہیں۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی عادل بازی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ ایم پی او کے تحت گرفتار تمام سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے اور سیاسی اختلاف کی بنیاد پر کسی کو انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، عدالتی احکامات کے تحت رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاریاں قانون کی حکمرانی سے متعلق سوالات پیدا کرتی ہیں۔

اعلامیے میں سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان، شیر علی ارباب اور شاہ احد کے گھروں پر چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی بھی مذمت کی گئی۔ سیاسی کمیٹی نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے گھروں اور ان کے اہل خانہ کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ پارٹی کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں، غیر قانونی گرفتاریوں اور ہراساں کرنے کے واقعات فوری طور پر بند کیے جائیں۔

ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی کمیٹی نے کہا کہ دہشت گردی ایک قومی ناسور ہے جس کے خاتمے کے لیے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ کمیٹی نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال نہ کیا جائے بلکہ امن و امان کے قیام کے ساتھ عوام اور سیاسی کارکنوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حکومتی معاشی پالیسیوں پر بھی تنقید کی گئی۔ سیاسی کمیٹی کے مطابق حکومتی پالیسیوں نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے جبکہ اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے اخراجات میں اضافے سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، مسلسل مہنگائی کے باعث شہریوں کے گھریلو بجٹ متاثر ہو رہے ہیں اور بنیادی ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے اور ناجائز منافع خوری پر بھی تشویش ظاہر کی۔ اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا کہ ایل پی جی 238 روپے فی کلو کے حساب سے حاصل ہونے کے باوجود صارفین کو 700 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ کمیٹی نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس صورت حال کا فوری نوٹس لیا جائے، قیمتوں کی جانچ پڑتال کی جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔

سیاسی کمیٹی نے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے، بجلی کے بھاری بلوں اور اضافی مالی بوجھ میں کمی اور ایل پی جی سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ میں لانے کا مطالبہ کیا، عوام پر مسلسل معاشی بوجھ ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مہنگائی میں کمی کے لیے عملی اقدامات کرے۔

اجلاس کے اختتام پر تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی، جمہوریت کی بحالی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کمیٹی نے پارٹی میں اختلافات اور تقسیم کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں کسی قسم کی گروپ بندی نہیں، پوری جماعت بانی چیئرمین کی قیادت، نظریے اور مشن کے ساتھ متحد ہے اور پارٹی رہنما و کارکن مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت