پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

سائبر حملے کے بعد بائنانس سے صارفین نے 3 ارب ڈالر سے زائد نکال لیے

قومی خبریں
سائبر حملے کے بعد بائنانس سے صارفین نے 3 ارب ڈالر سے زائد نکال لیے

دنیا کے بڑے برقی کرنسی تجارتی پلیٹ فارمز میں شمار ہونے والے بائنانس کو سائبر حملے کے بعد صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر رقوم کی منتقلی کا سامنا ہے۔ کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے کے بعد اتوار کے روز صارفین نے پلیٹ فارم سے تقریباً 3 ارب 64 کروڑ ڈالر کی خالص رقم نکال لی۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سائبر حملے کے باعث بائنانس کو اپنی تمام کاروباری سرگرمیاں عارضی طور پر روکنا پڑی تھیں، جبکہ اس واقعے میں 6 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے برقی اثاثے متاثر ہوئے تھے۔ خدمات کی بحالی کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے اپنے فنڈز دوسرے مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیے، جس کے نتیجے میں مختصر وقت کے دوران بھاری رقوم پلیٹ فارم سے باہر چلی گئیں۔

بائنانس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ یکم نومبر کو عالمی معیاری وقت کے مطابق صبح 6 بجے سے سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ تک صارفین نے مجموعی طور پر 4 ارب 64 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی رقم نکلوائی، جبکہ اسی دوران پلیٹ فارم میں 1 ارب 10 لاکھ ڈالر کے نئے فنڈز جمع کرائے گئے۔

کمپنی کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق رقوم کی آمد اور اخراج میں فرق کے نتیجے میں تقریباً 3 ارب 64 کروڑ ڈالر کے خالص فنڈز پلیٹ فارم سے منتقل ہوئے۔

بائنانس کا کہنا ہے کہ خدمات بحال ہونے کے ابتدائی مرحلے میں رقوم نکلوانے کی رفتار غیر معمولی طور پر زیادہ رہی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس میں کمی آتی گئی اور اب مالی لین دین کی صورتحال بتدریج معمول کے مطابق مستحکم ہو رہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت