خیبرپختونخوا کی نااہل حکومت دہشت گردی کے سہولت کاروں میں شامل تھی، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے عناصر میں خیبرپختونخوا کی نااہل حکومت بھی شامل تھی، اب صوبے میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں رکاوٹ بننے والے سہولت کار موجود نہیں ہیں،خیبرپختونخوا کے عوام امن و استحکام چاہتے ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاست کے پاس واضح حکمت عملی موجود ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل نے خیبرپختونخوا کی سیاسی اور سکیورٹی صورت حال سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات دیے۔ انہوں نے صوبے میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور ان میں پیش آنے والی رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بعض ایسے عناصر موجود تھے جو انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کر رہے تھے اور ان میں سے ایک خیبرپختونخوا کی نااہل حکومت تھی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اب خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے والے سہولت کار موجود نہیں ہیں،دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں کے پاس واضح حکمت عملی ہے اور اس سلسلے میں کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
خیبرپختونخوا حکومت کی تبدیلی سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ صوبے میں حکومت کے خاتمے اور تبدیلی کے معاملے پر سیاسی قیادت بہتر جواب دے سکتی ہے، اداروں کا مؤقف ہے کہ وہاں حکومت کی تبدیلی آئینی اور قانونی ضوابط کے مطابق عمل میں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی بنیادی خواہش امن و استحکام ہے۔ عوام چاہتے ہیں کہ صوبے میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو، معمولات زندگی بحال ہوں اور انہیں محفوظ ماحول میسر آئے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کا امن اور تحفظ اولین ترجیح ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی موجود ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اقدامات کیے جا رہے ہیں،دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے رکاوٹوں کا خاتمہ اور ریاستی پالیسی پر عمل درآمد ضروری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت