پی ٹی آئی سوشل میڈیا ملک سے باہر ہے، ان پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں: سلمان اکرم راجہ

لاہور: تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ملک سے باہر ہے، نہ ان سے ہمارا رابطہ ہے اور نہ ہی ان پر ہمارا کوئی کنٹرول ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علیمہ خان کا غریب ڈرائیور کسی جرم کے بغیر جیل میں قید ہے اور وہ آج ایک بار پھر انصاف کے حصول کے لیے عدالت آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ یہ عمارتیں اور قانون ایک دھوکا ہیں۔ اگر یہ سب مل کر ایک قیدی تک رسائی نہیں دلا سکتے تو ان کی افادیت کیا ہے؟
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آئین میں بنیادی حقوق دیے گئے ہیں، لیکن آج وہ حقوق کہاں ہیں؟ کالے قوانین کے تحت بے گناہ افراد کو بھی مجرم بنا دیا گیا ہے۔ ہم عدالتوں سے رجوع اس لیے کرتے ہیں تاکہ قوم کو اس صورت حال کا احساس دلاتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد تمام آزادیاں ختم ہوچکی ہیں۔ عمران خان سے ملاقات کے بغیر 28ویں آئینی ترمیم سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔
پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک سے باہر ہے، ان سے نہ ہمارا رابطہ ہے اور نہ ہی ان پر ہمارا کوئی اختیار ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت