پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

ملک میں سونا ہزاروں روپے مہنگا ہوگیا

قومی خبریں
ملک میں سونا ہزاروں روپے مہنگا ہوگیا

عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں آج 2,400 روپے کا زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد سونا مقامی سطح پر تاریخ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے یعنی پیر کے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مزید مہنگا ہو گیا، جس کے بعد سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ملک میں 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونا 2,400 روپے مہنگا ہوا ہے، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 12 ہزار 136 روپے ہو گئی ہے، یہ اضافہ ایک ہی دن میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جس سے عام صارفین کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2,058 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 53 ہزار 340 روپے ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بین اقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 24 ڈالر سے برھ کر 3,896 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آج چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، فی تولہ چاندی کی قیمت 100 روپے کے اضافے کے بعد 5 ہزار 488 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 86 بڑھ کر 4 ہزار 705 روپے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز (ہفتے کے دن) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 10,800 روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی جبکہ عالمی منڈی میں سونا فی اونس 108 ڈالر سستا ہوا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت