پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

امریکا : غلام اور آزاد ریاستوں کی تقسیم کا تاریخی نقشہ بھاری قیمت پر فروخت ہوگیا

قومی خبریں
امریکا : غلام اور آزاد ریاستوں کی تقسیم کا تاریخی نقشہ بھاری قیمت پر فروخت ہوگیا

واشنگٹن: امریکا میں غلام اور آزاد ریاستوں کے درمیان حد بندی کرنے والی مشہور تاریخی میسن-ڈکسن لائن کا ہاتھ سے تیار کردہ نایاب نقشہ نیلامی کے دوران 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی بھاری قیمت میں فروخت کر دیا گیا ہے۔

اس تاریخی دستاویز کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے حاصل کرنے کے لیے کل 45 بولی دہندگان میدان میں اترے تھے۔ نیلامی کا عمل تقریباً 3 منٹ تک جاری رہا جس میں شرکاء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

نقشے کی بولی کا آغاز 4 لاکھ ڈالر سے کیا گیا تھا جو تیزی سے بڑھتے ہوئے 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا۔ یہ نیلامی آن لائن اور شمالی کیرولائنا کے شہر ایشویل میں قائم برنک آکشنز میں بیک وقت منعقد کی گئی تھی۔

یہ نقشہ 1768 میں ماہرین پیمائش چارلس میسن اور جیریمیا ڈکسن نے تیار کیا تھا جو امریکی تاریخ کے اہم ترین دستاویزات میں شمار ہوتا ہے۔ اس نقشے نے طویل عرصے تک شمالی اور جنوبی ریاستوں کے مابین ایک سیاسی اور سماجی حد بندی کا کام کیا تھا۔

اگرچہ یہ نقشہ نیلام گھر کی جانب سے لگائے گئے 12 لاکھ ڈالر کے متوقع ہدف کو حاصل نہ کر سکا، تاہم انتظامیہ نے اس فروخت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

برنک آکشنز کی نائب صدر لارین برنک نے کہا کہ ایک نقشے کے لیے یہ قیمت بہت زیادہ اور شاندار ہے۔

امریکی تاریخ میں اس نقشے کو ایک کلیدی حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ ملک میں غلامی کے خاتمے اور سیاسی تقسیم کے دور کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کی نیلامی میں دلچسپی لینے والے افراد کی بڑی تعداد یہ ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ تاریخی دستاویزات آج بھی بے حد اہمیت رکھتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس قسم کی نوادرات نہ صرف امریکی ورثے کا حصہ ہیں بلکہ انہیں محفوظ رکھنا نئی نسل کے لیے ماضی کو سمجھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس نیلامی کے بعد اب یہ نایاب نقشہ ایک نجی مجموعے کا حصہ بن جائے گا جہاں اسے مستقبل میں بھی محفوظ رکھا جائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت