کراچی: شوہر نے گھریلو جھگڑے کے دوران بیوی پر تیزاب پھینک دیا
کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئی۔
واقعہ کم عمری کی شادی کا معاملہ بھی نکلا۔ پولیس کے مطابق ذیشان نامی شخص نے اپنی 14 سالہ بیوی نسیمہ پر تیزاب پھینکا اور فرار ہوگیا۔ زخمی لڑکی کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔
متاثرہ لڑکی نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کی عمر 14 سال ہے اور ایک سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ شوہر نے اس پر تیزاب پھینکا اور وہ اسے روزانہ تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔
دوسری جانب لڑکی کے والد اکبر نے برنس وارڈ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی کی عمر 19 سال ہے اور اس نے ذیشان سے پسند کی شادی کی تھی۔ ان کے مطابق بیٹی کا نکاح ذیشان کے گھر پر ہوا تھا، تاہم شادی کے بعد سے دونوں کے درمیان جھگڑے رہتے تھے۔
والد نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر بیٹی کی ساس اسے گھر چھوڑ کر گئی تھی، جبکہ رات تقریباً 8 بجے ذیشان گھر آیا۔ دونوں کے درمیان جھگڑے کے بعد داماد نے تیزاب پھینکا اور فرار ہوگیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت