پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

فلوریڈا میں نجی طیارہ گر کر تباہ، تمام 9 مسافر ہلاک

قومی خبریں

پام بیچ: امریکی ریاست فلوریڈا کے رہائشی علاقے کے قریب ایک نجی طیارہ خوفناک حادثے کے بعد گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں سوار تمام 9 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق یہ المناک واقعہ اتوار کی دوپہر پیش آیا جس نے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ لیئر جیٹ 60 ماڈل کا یہ طیارہ فضا سے تیزی سے نیچے آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ طیارے کے ملبے سے اٹھنے والے شعلے اتنے بلند تھے کہ وہ قریب ہی واقع رہائشی گھروں تک پہنچنے کے قریب تھے۔

وزیر ٹرانسپورٹیشن شان ڈفی نے اس حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے جانی نقصان کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طیارے میں موجود تمام 9 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، تاہم خوش قسمتی سے آبادی میں کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ طیارہ مرکزی سڑک کے قریب گرا۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے واقعے کی تحقیقات کے لیے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی مدد کے واسطے ایک ٹیم تشکیل دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ طیارے نے ٹیکساس کے آسٹن ایئرپورٹ سے بہاماس کے لیے پرواز بھری تھی لیکن منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی یہ المناک حادثہ پیش آ گیا۔

حادثے کے بعد پام بیچ کاؤنٹی شیرف آفس نے ملٹری ٹریل اور دسویں ایونیو نارتھ کے ارد گرد کے تمام راستے سیل کر دیے۔ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ امدادی ٹیموں نے فوری پہنچ کر ملبے سے لاشوں کو نکالنے اور آگ بجھانے کا کام مکمل کیا۔

مقامی باشندوں کے مطابق طیارہ گرنے کے بعد علاقے کی بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی تھی جسے بحال ہونے میں 2 گھنٹے کا وقت لگا۔ حکام نے فی الحال ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے اور نہ ہی حادثے کی تکنیکی وجوہات کا فوری طور پر تعین کیا جا سکا ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت