پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

بھارت میں انتخابی فہرستوں میں دھاندلی کیخلاف اپوزیشن کا احتجاجی مارچ

قومی خبریں
بھارت میں انتخابی فہرستوں میں دھاندلی کیخلاف اپوزیشن کا احتجاجی مارچ

نئی دہلی: بھارت میں انتخابی فہرستوں میں دھاندلیوں اور انتخابی عمل کی شفافیت پر تحفظات کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی جانب سے ’’جمہوریت بچاؤ‘‘ احتجاجی مارچ کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس کی قیادت کانگریس رہنما راہول گاندھی کریں گے۔ احتجاج میں مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں، طلبہ تنظیموں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اپوزیشن جماعتیں نئی دہلی میں انتخابی فہرستوں میں بے ضابطگیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل رہی ہیں۔ احتجاجی مارچ کا مقصد انتخابی فہرستوں کی تیاری اور ان میں ووٹروں کے اندراج و اخراج کے طریقہ کار پر سوالات اٹھانا اور انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانے کا مطالبہ کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق احتجاجی ریلی نئی دہلی کے وسطی علاقے سے شروع ہوکر رام لیلا میدان پہنچے گی، جہاں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔ مارچ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے علاوہ طلبہ تنظیموں اور نوجوانوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔

بھارتی اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس احتجاج میں لاکھوں افراد شریک ہوسکتے ہیں،انتخابی فہرستوں میں مبینہ دھاندلی صرف ووٹروں کے اندراج کا معاملہ نہیں بلکہ جمہوری نظام اور شہریوں کے حق رائے دہی سے بھی جڑا ہوا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں اس معاملے پر عوامی سطح پر آواز بلند کرنے اور انتخابی اداروں کو جواب دہ بنانے کے لیے احتجاج کررہی ہیں۔

اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے انتخابی فہرستوں میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے وضاحت اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے،ووٹر فہرستوں میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تبدیلی یا اہل ووٹروں کے نام خارج کیے جانے سے انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد متاثر ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب احتجاجی مارچ کے پیش نظر نئی دہلی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ بھارتی سکیورٹی اداروں نے رام لیلا میدان اور اس کے اطراف بڑی تعداد میں اہلکار تعینات کردیے ہیں۔ تعینات اہلکاروں کے پاس ڈھالیں اور لاٹھیاں موجود ہیں جبکہ احتجاج کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق احتجاجی مارچ میں چیف الیکشن کمشنر گنیش کمار سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا، انتخابی فہرستوں سے متعلق اٹھائے گئے اعتراضات کا مؤثر جواب دیا جائے اور انتخابی ادارے اپنی ذمہ داریاں غیر جانب دارانہ انداز میں ادا کریں۔

کانگریس رہنما راہول گاندھی اس سے قبل بھی انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور انتخابی عمل کی شفافیت کے معاملے پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد اس احتجاج کے ذریعے اپنے تحفظات کو مشترکہ آواز دینے اور حکومت و الیکشن کمیشن پر معاملے کی وضاحت کے لیے دباؤ بڑھانا چاہتا ہے۔

رام لیلا میدان میں ہونے والے جلسے میں اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے انتخابی اصلاحات، ووٹروں کے حقوق اور الیکشن کمیشن کی کارکردگی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ احتجاجی مارچ کو اپوزیشن اتحاد کی جانب سے انتخابی نظام میں شفافیت کے مطالبے پر مشترکہ سیاسی سرگرمی قرار دیا جارہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت