پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

سوئی گیس کے نئے گھریلو اور کمرشل کنکشنز پر پابندی غیر معینہ مدت تک بڑھا دی گئی

قومی خبریں
سوئی گیس کے نئے گھریلو اور کمرشل کنکشنز پر پابندی غیر معینہ مدت تک بڑھا دی گئی

کراچی: سوئی گیس کمپنی نے گھریلو گیس کنکشنز کے اجرا پر عائد پابندی غیر معینہ مدت تک بڑھا دی ہے جبکہ رواں ماہ سے کمرشل تندوروں، ہوٹلوں اور دیگر کاروباری شعبوں کے نئے کنکشنز کا اجرا بھی روک دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ہزاروں صارفین ارجنٹ فیس جمع کروانے کے باوجود گیس کنکشن حاصل کرنے سے محروم ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملک میں گیس کی قلت اور مائع قدرتی گیس (آر ایل این جی) کی فراہمی میں تعطل کے باعث گیس کے نئے کنکشنز کی بحالی کا معاملہ مزید تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔ موجودہ گیس نظام میں بھی قلت بڑھ رہی ہے جبکہ سردیوں کی آمد کے ساتھ گیس کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث موجودہ صارفین کو فراہمی برقرار رکھنا بھی کمپنی کے لیے مشکل ہوتا جارہا ہے۔ سرد موسم میں گھریلو صارفین کو کھانا پکانے اور دیگر ضروریات کے لیے گیس کی دستیابی کا مسئلہ درپیش ہونے کا خدشہ ہے، ایسے میں نئے کنکشنز کی فراہمی روکنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پابندی کے باعث ہزاروں ایسے صارفین بھی متاثر ہورہے ہیں جنہوں نے فوری کنکشن کے حصول کے لیے ارجنٹ فیس جمع کروائی تھی، تاہم انہیں تاحال کنکشن فراہم نہیں کیے جاسکے۔ اس صورت حال سے گھریلو صارفین کے ساتھ کاروباری افراد بھی پریشانی کا شکار ہیں، خصوصاً وہ افراد جنہوں نے نئے کاروبار یا رہائشی ضروریات کے لیے گیس کنکشن کی درخواستیں جمع کروائی تھیں۔

سوئی گیس حکام کے مطابق نئے کنکشنز کے اجرا پر پابندی وزارت پیٹرولیم کی جانب سے عائد کی گئی ہے،ایران اور امریکا کے درمیان جنگ رکنے کے بعد ہی گیس کنکشنز کی بحالی کا امکان ہے۔

گیس کنکشنز پر غیر معینہ مدت کی پابندی کے باعث صارفین میں تشویش پائی جاتی ہے جبکہ سردیوں میں طلب بڑھنے کے ساتھ گیس کی قلت اور فراہمی کے مسائل مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، کنکشنز کی بحالی کے لیے تاحال کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت