افغان طالبان بگڑتے تعلقات کی وجوہات تسلیم کرنےکو آمادہ نہیں،کابل کو دہشتگردی روکنےکی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی: پاکستان
وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کے ترجمان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان طالبان حکومت کی انتہائی گمراہ کن سوچ کو بے نقاب کرتا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان حکومت بگڑتے دوطرفہ تعلقات کی بنیادی وجوہات تسلیم کرنے کو تیار نہیں اور اس کی قیادت مسلسل پاکستان کی پالیسیوں کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان تعلقات میں کشیدگی کی اصل وجہ نظرانداز کر رہے ہیں، جو افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی روکنے میں طالبان حکومت کی مسلسل ناکامی ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ بھی یہی دہشت گردی ہے۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ کابل کو اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی روکنے کی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی، جبکہ پاکستان اپنی سلامتی کو لاحق خطرات ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کی الزام تراشی اور کھوکھلی یقین دہانیاں پاک افغان بحران کا حل نہیں ہیں۔ پاکستان کا مؤقف واضح اور دوٹوک ہے کہ دہشت گردی اس کی سرخ لکیر ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق اپنے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت