اتوار، 1 نومبر، 2026 · 22 جمادی الاول، 1448 ہجری

جی 20 ممالک کا اجلاس عالمی مسائل پر اتفاق رائے کے بغیر ختم، مشترکہ اعلامیہ بھی جاری نہ ہوسکا

قومی خبریں

اٹلانٹا: امریکا کے شہر اٹلانٹا میں جی 20 ممالک کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس اہم عالمی سلامتی کے معاملات پر اتفاق رائے کے بغیر اختتام پذیر ہوگیا۔ رکن ممالک کے درمیان اختلافات کے باعث مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا، تاہم اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کا بیان جاری کیا گیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اجلاس میں روس اور یوکرین کی جنگ، ایران سے متعلق تنازع، امریکی تجارتی محصولات اور بحیرہ جنوبی چین میں کشیدگی سمیت اہم عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ان معاملات پر اختلافات اجلاس میں کسی مشترکہ مؤقف تک پہنچنے میں رکاوٹ بنے۔

اجلاس کی ابتدا میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے رکن ممالک پر اتحاد اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا، تاہم روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی شرکت پر بعض یورپی سفارت کاروں کے اعتراضات کے باعث روایتی گروپ فوٹو بھی منسوخ کردیا گیا۔

اجلاس میں عالمی تجارتی راستوں کے تحفظ، توانائی اور غذائی تحفظ، اہم معدنیات کی فراہمی اور سپلائی چین کو محفوظ بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ان معاملات کی اہمیت پر رکن ممالک میں وسیع تر اتفاق پایا جاتا ہے، تاہم اہم عالمی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق ابھی دور ہے۔

اجلاس میں شریک ممالک نے اختلافات کے باوجود آئندہ ماہ امریکا میں ہونے والے جی 20 سربراہ اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت