اتوار، 1 نومبر، 2026 · 22 جمادی الاول، 1448 ہجری

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان3نومبرکو حتمی مذاکرات: ناکامی پر لانگ مارچ کا اعلان

قومی خبریں
حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان3نومبرکو حتمی مذاکرات: ناکامی پر لانگ مارچ کا اعلان

ملتان: حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حتمی مذاکرات تین نومبر کو ہوں گے۔مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں لانگ مارچ کرنے کا اعلان سامنے آگیاہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے خبردار کیا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر عوام کو ریلیف نہ دیا تو ملتان سے اسلام آباد تک بھرپور لانگ مارچ کیا جائے گا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان حتمی مذاکرات 3 نومبر کو ہوں گے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے ان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

مذاکرات میں پیٹرولیم لیوی کے بتدریج خاتمے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس سے قبل کوئٹہ، میرپورخاص، بہاولپور، مانسہرہ اور سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ لانگ مارچ اور احتجاجی سرگرمیوں کی تیاری کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں

بشکریہ روزنامہ جسارت