ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

مولانا فضل الرحمان اور حکومت آمنے سامنے، محسن نقوی پر تنقید کے بعد جے یوآئی سربراہ کی مشکلات میں اضافہ

قومی خبریں

اسلام آباد (عثمان جبار): مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہونے لگا،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی پر تنقید کےبعد جے یوآئی سربراہ کی مشکلات بڑھنے لگیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر مبینہ تعمیراتی خلاف ورزیوں کے معاملے پر وزارتِ داخلہ کے ماتحت ادارے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے نوٹس جاری کردیا۔

مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر سی ڈی اے کا نوٹس آویزاں کردیا گیا ہے، جس میں مبینہ تعمیراتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹس کے مطابق رہائش گاہ کے سیٹ بیکس میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ سی ڈی اے کی اراضی پر گارڈ پوسٹس اور جنریٹر کی تنصیب پر بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے۔ سی ڈی اے نے مولانا فضل الرحمان کو ہدایت کی ہے کہ رہائش گاہ پر موجود مبینہ خلاف ورزیاں 15 روز کے اندر ختم کی جائیں۔

نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے، جبکہ عدم تعمیل پر عمارت سیل کرنے اور مبینہ غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کے اقدامات بھی کیے جاسکتے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مولانا فضل الرحمان کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پر تنقید کے بعد حکومت اور جے یو آئی کے درمیان سیاسی اختلافات زیرِ بحث ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت