ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

عربوں کی غلط فہمی تھی کہ غیر ملکی اڈے انکی حفاظت کرینگے،پاکستان نے نئی راہ دکھائی ،خواجہ آصف

قومی خبریں

سیالکوٹ : وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے اسلامی دنیا کو ایک نئی راہ دکھائی ہے کیونکہ سمندر پار کسی غیر ملکی قوت کے اڈے کسی ملک کی حفاظت نہیں کر سکتے۔

پاکستان نے ایران کے عرب بھائیوں کے ساتھ اختلافات دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ملک عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے یہ باتیں سیالکوٹ میں یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے سالانہ کانووکیشن میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار اڈے دراصل ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیے قائم کیے جاتے ہیں جبکہ حقیقی حفاظت ہمیشہ اپنے دست و بازو اور اپنی قوت پر ہوتی ہے، جس طرح پاکستان نے اپنے پانچ گنا بڑے دشمن ہندوستان کو شکستِ فاش دی۔

سب سے بڑا غیر ملکی اڈا صیہونی ریاست کی حفاظت کے لیے بنایا گیا تھا اور یہ ہمارے عرب بھائیوں کی غلط فہمی تھی کہ یہ اڈے ان کے تحفظ کے لیے بنے ہیں۔

پاکستان نے ایران اور عرب بھائیوں کے درمیان فاصلوں اور اختلافات کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

کبھی کبھار لگتا تھا کہ میں اب سیاست کر کے تھک چکا ہوں، لیکن اس روز جب قومی اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردِعمل دیا تو احساس ہوا کہ مجھ میں ابھی کافی دم خم باقی ہے، اسمبلی کے فلور پر بھی کئی بار کہا ہے کہ سیاستدانوں کو اپنا احتساب خود کرنا چاہیے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت