ایف بی آر اکتوبر کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام، 116 ارب کمی کا سامنا
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اکتوبر 2026 کے لیے مقررہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل نہیں کرسکا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ادارے نے اب تک 975 ارب روپے جمع کیے ہیں، جبکہ ماہانہ ہدف 1 ہزار 131 ارب روپے مقرر تھا۔ اس طرح ہدف کے مقابلے میں 156 ارب روپے کی کمی سامنے آئی ہے۔
ایف بی آر حکام کو توقع ہے کہ آج (ہفتے کے روز) مزید ٹیکس وصولیاں ممکن ہوں گی۔ اس مقصد کے لیے مخصوص ٹیکس دفاتر اور بینکوں کی بعض برانچیں کھلی رکھی جائیں گی۔
حکام کے اندازے کے مطابق اس انتظام سے قومی خزانے میں مزید 40 ارب روپے جمع ہوسکتے ہیں، تاہم اضافی وصولیوں کے باوجود ماہانہ ہدف پورا ہونے کا امکان نہیں ہے۔
دستیاب اعدادوشمار کے مطابق متوقع 40 ارب روپے شامل کرنے کے بعد مجموعی وصولیاں 1 ہزار 15 ارب روپے تک پہنچ سکتی ہیں۔ اس طرح اکتوبر کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں تقریباً 116 ارب روپے کی کمی برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹیکس وصولیوں میں یہ کمی ایف بی آر کے ماہانہ ریونیو ہدف کے حصول میں مشکلات کو ظاہر کرتی ہے۔
دوسری جانب ہفتے کے روز خصوصی انتظامات کے ذریعے مزید رقم جمع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، تاہم حتمی اعدادوشمار سامنے آنے کے بعد ہی اکتوبر کی مجموعی کارکردگی واضح ہوگی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت