ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

بھارت میں پسند کی شادی کے لیے لڑکی ٹاور پر چڑھ گئی، آن لائن نکاح کی یقین دہانی پر نیچے اتر آئی

قومی خبریں

بھارت میں پسند کی شادی کی خواہش پوری نہ ہونے پر 19 سالہ لڑکی نے ایسا قدم اٹھا لیا کہ اہل خانہ اور علاقہ مکینوں میں کھلبلی مچ گئی۔ لڑکی اپنے محبوب سے شادی کے مطالبے پر تقریباً 100 فٹ بلند موبائل ٹاور پر چڑھ گئی، جہاں وہ 4 گھنٹے تک موجود رہی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش میں پیش آیا، جہاں 19 سالہ صاحبہ عرف مہک اپنے 21 سالہ محبوب نورالدین سے شادی کرنا چاہتی تھی، تاہم دونوں خاندان اس رشتے کے مخالف تھے۔ شادی کے معاملے پر والدہ سے تلخ کلامی کے بعد مہک نے غصے میں گھر سے نکل کر موبائل ٹاور پر چڑھنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت نورالدین روزگار کے سلسلے میں ممبئی میں موجود تھا۔ دوسری جانب مہک کے ٹاور پر چڑھنے کی اطلاع ملتے ہی رشتے دار، مقامی افراد اور پولیس موقع پر پہنچ گئے اور اسے بحفاظت نیچے اترنے کے لیے مسلسل قائل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

پولیس کے مطابق لڑکی تقریباً 4 گھنٹے تک ٹاور پر موجود رہی اور اس دوران اس نے واضح دھمکی دی کہ اگر اس کی شادی کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو وہ نیچے چھلانگ لگا دے گی۔ صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر نورالدین سے رابطہ کیا گیا اور دونوں خاندانوں کے درمیان اختلافات ختم کرانے کی کوششیں بھی کی گئیں، تاہم اہل خانہ اپنی مخالفت پر قائم رہے۔

بالآخر ایک مقامی مسلمان عالم نے ویڈیو رابطے کے ذریعے دونوں کا نکاح پڑھا دیا، جس میں نورالدین نے ممبئی سے آن لائن شرکت کی۔ نکاح کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مہک پولیس کی مدد سے ٹاور سے بحفاظت نیچے اتر آئی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت