ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری رہے گی: طلال چوہدری

قومی خبریں
کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری رہے گی: طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واضح کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کسی دباؤ یا اثر و رسوخ کے بغیر جاری رہے گی، کسی بھی شخصیت کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا اور خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔

ایک بیان میں طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مہم گزشتہ ڈیڑھ سال سے جاری ہے، یہ کوئی نئی کارروائی نہیں بلکہ اسی مسلسل عمل کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق متعلقہ مقام پر بھی اسی مہم کے تحت نوٹس جاری کیا گیا ہے، جہاں مولانا رہائش پذیر ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کو کسی خاص شخصیت سے منسوب کرنا درست نہیں، کیونکہ قانون کی عمل داری سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اپنی حیثیت یا اثر و رسوخ کی بنیاد پر غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ فراہم کرسکتا ہے تو یہ سوچ مناسب نہیں۔

طلال چوہدری نے مولانا کی جانب سے مبینہ غیر قانونی تجاوزات کے دفاع پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غیر قانونی تعمیر یا تجاوزات کو برقرار رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس معاملے میں واضح مؤقف رکھتی ہے اور کارروائی ہر صورت جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات خواہ کسی بھی فرد یا بااثر شخصیت کی ہوں، ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی اور کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت