ہرمز: 20 لاکھ بیرل سے زائد تیل بردار سپر ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکراگیا
آبنائے ہرمز میں ایک اور آئل ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے بعد جہاز میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اس نوعیت کا چوتھا واقعہ ہے۔ متاثرہ جہاز میں 20 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل موجود تھا۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے جمعے کو واقعے کی اطلاع دی۔ بیان میں بتایا گیا کہ سپر ٹینکر آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کررہا تھا۔ ایرانی حکام نے اس بحری راستے کو جہاز کے لیے غیر مجاز قرار دیا تھا۔
ایرانی بحریہ کا کہنا ہے کہ جہاز کے عملے کو ریڈیو کے ذریعے متعدد مرتبہ خبردار کیا گیا تھا، تاہم انتباہ کے باوجود ٹینکر نے اپنا راستہ تبدیل نہیں کیا۔ اس کے نتیجے میں جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا اور زوردار دھماکا ہوا۔
ایرانی حکام کے مطابق دھماکے کے بعد ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ بیان میں اس واقعے کو آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو لاحق سکیورٹی خطرات کے تناظر میں پیش کیا گیا ہے، تاہم ایرانی دعوے کی آزادانہ تصدیق فوری طور پر سامنے نہیں آئی۔
متاثرہ ٹینکر کی شناخت اور عملے کی صورت حال سے متعلق بھی تفصیلات دستیاب نہیں ہوسکیں۔ اسی طرح ممکنہ جانی نقصان یا جہاز کو پہنچنے والے مالی نقصان کے بارے میں بھی کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔ یہاں کسی بھی حملے یا آمدورفت میں رکاوٹ سے عالمی توانائی منڈی متاثر ہوسکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا خدشہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت