ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

انتقامی سیاست کا رویہ کسی بھی صورت قومی ترقی کے لیے سودمند نہیں، وزیرِ دفاع

قومی خبریں

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انتقامی سیاست کا رویہ کسی بھی صورت قومی ترقی کے لیے سودمند نہیں ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہونے والی حالیہ کشیدگی کے بعد اب کوئی ابہام باقی نہیں رہا کیونکہ خود بھارتی فوج نے پاکستان کی عسکری صلاحیت اور فتح کو تسلیم کیا ہے جو قوم کے لیے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست سے دوچار کیا ہے۔ ماضی میں ہونے والی جنگوں کے نتائج پر سوالات اٹھتے تھے مگر یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بھارتی اعتراف نے تمام شکوک و شبہات کو ختم کر دیا ہے۔

اپنے طویل سیاسی سفر کا ذکر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وہ 36 سال سے ملک کی خدمت کر رہے ہیں ۔ سیالکوٹ کے عوام کی فلاح ان کی اولین ترجیح ہے۔ اس دوران انہوں نے پرویز مشرف اور پی ٹی آئی دور حکومت میں جیلوں کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام ملک کے مفاد میں نہیں ہوتا کیونکہ ماضی میں انہیں جس طرح گرفتار کیا گیا اس وقت نیب حکام کے پاس ان کے خلاف کوئی ٹھوس چارج شیٹ موجود نہیں تھی۔ انتقامی سیاست کا یہ رویہ کسی بھی صورت قومی ترقی کے لیے سودمند نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آج سفارتی سطح پر ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ امریکا کے صدر بھی پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا اعتراف کر چکے ہیں۔ موجودہ قیادت کے دور میں خارجہ پالیسی کے محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جو کہ ملکی وقار میں اضافے کا باعث ہیں۔

خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ سمندر پار موجود بیرونی اڈے اسلامی ممالک کی حفاظت کے لیے نہیں بلکہ اسرائیل کے تحفظ کے لیے بنائے گئے ہیں۔ پاکستان نے اسلامی دنیا کو اس حقیقت سے آگاہ کیا ہے اور انہیں ایک درست سمت دکھائی ہے تاکہ وہ اپنے مفادات کا تحفظ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی سیاسی جدوجہد کے دوران کئی نشیب و فراز دیکھ چکے ہیں لیکن ملک کی خدمت کا جذبہ بدستور قائم ہے۔ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور عالمی سطح پر ہماری پوزیشن مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت