ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

آن لائن شاپنگ کا جنون: غیر ضروری خریداری سے کیسے بچا جائے؟

قومی خبریں

جدید دور میں آن لائن خریداری اب محض ضرورت تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ تفریح اور وقت گزاری کا ایک بڑا ذریعہ بن چکی ہے۔

اقتصادی اور نفسیاتی ماہرین کے مطابق سوشل میڈیا پر چند منٹ کی اسکرولنگ انسان کو ایسی اشیاء خریدنے پر مجبور کر دیتی ہے جن کی اسے قطعی ضرورت نہیں ہوتی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا ایپس کے الگورتھمز صارفین کی دلچسپیوں کا جائزہ لے کر انہیں مسلسل اشتہارات دکھاتے ہیں۔ فیشن، بیوٹی پراڈکٹس اور گھر کی سجاوٹ کی اشیاء کی مسلسل نمائش ضرورت اور خواہش کے درمیان فرق کو ختم کر دیتی ہے۔ اس طرح صارفین غیر ضروری خریداری کا شکار ہو جاتے ہیں۔

بعض افراد بوریت، تنہائی یا ذہنی دباؤ سے عارضی چھٹکارا پانے کے لیے آن لائن خریداری کا سہارا لیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نئی اشیاء خریدنے سے ان کی عادات بدل جائیں گی یا زندگی منظم ہو جائے گی، حالانکہ یہ خوشی صرف پارسل موصول ہونے تک ہی محدود رہتی ہے۔

آن لائن خریداری کے اس عمل کو فوری ردعمل کے بجائے ایک سوچا سمجھا فیصلہ ہونا چاہیے۔ خریداری کی خواہش پیدا ہونے پر فوری آرڈر دینے کے بجائے اسے ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دینا چاہیے۔ اس وقفے سے انسان کو اندازہ ہو جاتا ہے کہ وہ شے واقعی ضروری ہے یا محض وقتی جذباتی کیفیت تھی۔

محدود وقت کی رعایتیں اور اسٹاک ختم ہونے کے اعلانات صارفین میں ایک خاص دباؤ پیدا کرتے ہیں تاکہ وہ جلد فیصلہ کریں۔ ایسی حکمت عملی سے بچنا ضروری ہے کیونکہ اکثر اشیاء توقع کے مطابق نہیں نکلتیں اور بعد میں پچھتاوے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ گھروں میں غیر ضروری سامان کا ڈھیر جمع ہو جانا اسی بے احتیاطی کا نتیجہ ہے۔

غیر ضروری اخراجات سے بچنے کے لیے اپنے جذبات کی شناخت بہت اہم ہے۔ خریداری کرنے سے پہلے خود سے سوال کرنا چاہیے کہ کیا یہ ضرورت ہے یا محض ذہنی مشغولیت کا ذریعہ؟ دوستوں سے بات کرنا، چہل قدمی کرنا یا کسی پرانے مشغلے کو اپنانا آن لائن خریداری کی لت سے نکلنے کا بہتر اور صحت مند متبادل ثابت ہو سکتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت