ہانگ کانگ سکسز: پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بری طرح پچھاڑ دیا

ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے اہم گروپ میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو باآسانی شکست سے دوچار کر دیا۔
مونگ کوک میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا سکی۔ ششانک سنگھ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 40 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔
پاکستان کی جانب سے باؤلنگ کرتے ہوئے عبدالصمد نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
بھارتی بیٹنگ لائن پاکستانی گیند بازوں کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکی اور مقررہ اوورز میں بڑا ہدف قائم کرنے میں ناکام رہی۔
پاکستان نے 89 رنز کا ہدف صرف 3.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔ خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 41 اور کپتان عباس آفریدی نے 8 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ عبدالصمد 7 اور عرفان خان 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یوں پاکستان نے میچ میں فیصلہ کن برتری حاصل کی۔
یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں یو اے ای کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بھارت کے خلاف اس یکطرفہ فتح نے نہ صرف ٹیم کا اعتماد بحال کیا ہے بلکہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی پوزیشن کو بھی مستحکم کر دیا ہے، جس سے اگلے میچوں کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت