ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں کیا ہیں؟ اہلِ کراچی سب سے مہنگا خریدنے پر مجبور
اسلام آباد: ملک میں آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے کراچی بدستور مہنگا ترین شہر ہے، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 540 روپے کی بلند سطح پر برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو بنیادی غذائی ضرورت پوری کرنے کے لیے دیگر شہروں کے مقابلے میں زیادہ رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ میں ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ہے، جس کے مطابق کراچی میں آٹا سب سے زیادہ نرخوں پر فروخت ہورہا ہے جبکہ دیگر بڑے شہروں میں بھی اس کی قیمتیں 3 ہزار روپے سے تجاوز کرچکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 400 روپے ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یہی تھیلا 3 ہزار 333 روپے 33 پیسے میں فروخت ہورہا ہے۔
اسی طرح راولپنڈی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 306 روپے 66 پیسے میں دستیاب ہے جبکہ لاڑکانہ اور پشاور میں اس کی قیمت 3 ہزار 300 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی میں آٹے کی قیمت دیگر شہروں کے مقابلے میں زیادہ ہے، جس کے باعث شہر کے شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اس اہم ترین اشیائے خورونوش کی خریداری پر اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت