ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

نیوزی لینڈ کیخلاف مقابلوں سے پہلے ہی بھارتی بولنگ اٹیک مشکلات میں گھر گیا

قومی خبریں
نیوزی لینڈ کیخلاف مقابلوں سے پہلے ہی بھارتی بولنگ اٹیک مشکلات میں گھر گیا

بھارتی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ سیریز سے پہلے ایک اور دھچکا لگ گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق فاسٹ بولر پرسدھ کرشنا انجری کے باعث 5 میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ بھارتی ٹیم پہلے ہی جسپریت بمراہ کی عدم دستیابی کا سامنا کر رہی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تصدیق کی ہے کہ پرسدھ کرشنا بائیں ران کی ہیمسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں، تاہم وہ ابھی میچ کھیلنے کے لیے مطلوبہ فٹنس حاصل نہیں کرسکے۔ اسی وجہ سے بورڈ نے انہیں ون ڈے اسکواڈ سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب پرسدھ کرشنا اب نیوزی لینڈ اے کے خلاف انڈیا اے کی نمائندگی کریں گے۔ وہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرے اور آخری 4 روزہ میچ میں حصہ لیں گے۔ مزید یہ کہ محمد سراج دوسرے 4 روزہ مقابلے میں انڈیا اے کو دستیاب ہوں گے۔

بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز سے دستبرداری کرشنا کو میچ پریکٹس کا موقع دے گی۔ اس دوران وہ ٹیسٹ سیریز کی تیاری بھی جاری رکھ سکیں گے۔ بورڈ نے تاحال ان کے متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا۔

پرسدھ کرشنا 30 ستمبر کو گوہاٹی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں زخمی ہوئے تھے۔ وہ اس مقابلے میں صرف 5 اوورز کرانے کے بعد میدان سے باہر ہوگئے تھے۔ اب ان کی مکمل صحت یابی کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

یاد رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے میچوں کی سیریز 4 سے 15 نومبر تک ہوگی۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں 19 نومبر سے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلیں گی۔

جسپریت بمراہ بھی صرف ٹیسٹ مقابلوں میں شرکت کریں گے، لہٰذا وہ ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت