ٹیسٹ کرکٹ کی 150 ویں سالگرہ میں پاکستان کے 3 سابق کپتانوں کو بھی مدعوکرلیا گیا

ٹیسٹ کرکٹ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کے تین سابق کپتانوں ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو بھی خصوصی طور پر مدعو کر لیا گیا ہے۔
اس تاریخی موقع پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں خصوصی ٹیسٹ میچ میں آمنے سامنے ہوں گی، جو آئندہ سال 11 سے 15 مارچ تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا اس یادگار میچ کے موقع پر مختلف تقریبات کا اہتمام کرے گا، جبکہ دنیا بھر سے مہمانوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے تین سابق کپتانوں کے علاوہ دیگر ممالک کے سابق کپتانوں اور نامور کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے سابق اور عمر رسیدہ کرکٹرز بھی تقریبات میں شریک ہوں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا اس موقع پر خصوصی تقریبات کے ساتھ یادگاری تحائف بھی پیش کرے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت