امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان پر انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مکمل اجارہ داری قائم ہوچکی، ملک میں روشنی اور ہوا کے علاوہ ہر چیز پر ٹیکس ہے۔
اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے لانگ یا شارٹ مارچ صرف جماعت اسلامی کرے گی، حکمرانوں کے ظلم سے قوم کو نجات دلا کر اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پونے 4 برس قبل ملک میں تبدیلی کے نام پر تباہی مسلط کی گئی، پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن بڑھی اور بےروزگاری کا طوفان آیا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومتوں نے بھی قوم کو دھوکے دیے، ملک کے لیے کچھ نہیں کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی ناانصافی اور ظلم کے خلاف عوام کو متحد کررہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی، بےروزگاری، سودی معیشت، کرپشن کے خلاف ہر شہر میں دھرنا ہوگا۔
Comments are closed.