بدھ 24؍ربیع الاول 1445ھ11؍اکتوبر 2023ء

ورلڈ کپ: بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء کے نویں میچ میں بھارت کو افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں پہلے کھیلتے ہوئے افغانستان نے بھارت کو 273 رنز کا ہدف دیا جو روہت شرما الیون نے 35 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

ورلڈ کپ میں بھارت کی جانب سے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ روہت شرما نے اپنے نام کرلیا۔

بھارت اس فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان سے ایک درجے اوپر چلا گیا ہے، فہرست میں نیوزی لینڈ پہلے، بھارت دوسرے، پاکستان تیسرے اور جنوبی افریقا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

بھارتی اننگز کی خاص بات روہت شرما اور ایشان کشن کی اوپننگ جوڑی کی 156 رنز کی شاندار شراکت تھی۔

ایشان کشن 47 رنز بناکر راشد خان کا شکار بنے، انہوں نے اس دوران 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

دوسری وکٹ پر روہت شرما اور ویرات کوہلی نے 49 رنز کی شراکت قائم کی، بھارتی کپتان اس موقع پر 84 گیندوں پر 131 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، انہیں بھی راشد خان نے آؤٹ کیا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے پاکستانی شائقین کےلیے بھارتی ویزوں کے جلد اجراء کی نوید سنادی۔

روہت شرما نے اپنی اننگز  کے دوران 5 چھکے اور 16 چوکے لگائے، انہوں نے اس باری کے دوران کئی ریکارڈ اپنے نام کیے، جن میں ایک بھارت کی طرف سے ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری بھی شامل ہے۔

ویرات کوہلی 55 اور شریاس ایئر 25 رنز پر ناقابل شکست رہے، میچ میں عمدہ پرفارمنس پر روہت شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 272 رنز بنائے۔

افغان ٹیم کی طرف سے حشمت اللّٰہ شاہدی 80، عظمت اللّٰہ عمر زئی 60، ابراہیم زدران 22 اور رحمان اللّٰہ گرباز نے 21 رنز بنائے۔

افغانستان کی طرف سے محمد نبی 19، راشد خان اور رحمت شاہ 16، 16 جبکہ نجیب اللّٰہ زدران 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ مجیب الرحمان 10 اور نوین الحق 9 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

بھارت کے جسپریت بمرہ نے 4 اور ہردیک پانڈیا نے 2 وکٹ حاصل کیے جبکہ کلدیپ یادیو اور شاردل ٹھاکر نے 1، 1 افغان کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.