جمعہ 14؍شوال المکرم 1444ھ5؍مئی 2023ء

معین خان بڑے بھائی ندیم خان کی پی سی بی سے برطرفی پر پھٹ پڑے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان اپنے بڑے بھائی ندیم خان کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے برطرفی کے فیصلے پر پھٹ پڑے۔

معین خان نے ندیم خان کو برطرف کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے کرکٹ بورڈ کے معاملات دیکھنے کی اپیل بھی کردی۔

معین خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے کچھ افراد من مانیاں کر کے کرکٹ کو تباہ کر رہے ہیں، وزیراعظم نوٹس لیں، ندیم خان کی ایمانداری کو سب جانتے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ اگر میں نے منہ کھولا تو بہت سے لوگوں کے نام سامنے آئیں گے، ان لوگوں کی کرپشن کی کہانیاں پوری دنیا کو پتا ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جو غیر قانونی طور پر بورڈ کے پیسوں سے اپنے گھر کے اخراجات چلاتے رہے۔

معین خان نے کہا کہ بورڈ میں بیٹھے جو لوگ ندیم خان پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں دراصل وہ خود کرپٹ ہیں، بورڈ میں کچھ لوگ ہمیشہ چور دروازے سے آتے ہیں جن پر خود کرپشن کے الزامات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے بورڈ میں ایک لابی کراچی کے خلاف کام کر رہی ہے، کراچی سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز ہوں یا ایڈمنسٹریٹر ہوں لگتا ہے لابی ان کے خلاف کام کر رہی ہے۔

سابق وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ پی سی بی میں اس وقت ایک ٹولا موجود ہے جو ہمیشہ چور دروازے سے آتا ہے، نجم سیٹھی ان لوگوں سے جان چھڑائیں اور ایک سسٹم بنائیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ڈائریکٹر ندیم خان کو ملازمت سے فارغ کردیا تھا۔

وہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک و ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس بھی رہ چکے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.