جمعہ 14؍شوال المکرم 1444ھ5؍مئی 2023ء

میٹرک بورڈ، امتحانی مراکز قائم، لسٹ آن لائن جاری کر دی گئی

میٹرک بورڈ کراچی کے تحت نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز پیر 8 مئی 2023 سے ہوگا جس میں تقریباً 3 لاکھ 93 ہزار امیدوار شریک ہوں گے۔

اس خیالات کا اظہار ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے جمعہ کے روز بورڈ کے کانفرنس ہال میں امتحانات کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قائم مقام سیکرٹری بورڈ سید محمد علی شائق، قائم مقام ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ بھی موجود تھے۔

چیرمین بورڈ نے بتایا کہ رواں برس پہلی مرتبہ نہم و دہم جماعت کے لئے بورڈ کی طرف سے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کئے گئے ہیں۔ 

مجموعی طور پر 4 لاکھ طلبہ و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے جبکہ بورڈ نے 524 امتحانی مراکز قائم کئے ہیں جن میں سرکاری اسکول اور نجی اسکول بھی شامل ہیں۔

کراچی کے 18 مختلف ٹاؤنز میں خصوصی مرکز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر بورڈ کے آفیسرز امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہوں گے۔

انہوں نے ناظم امتحانات اور دیگر افسران ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام امتحانی مراکز کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ امتحانات کے دوران امتحانی سینٹر کے باہر ہدایات آویزاں کریں کہ کسی بھی قسم کی ڈیوائس، موبائل فون یا کسی بھی قسم کے نقل کا موادہر گز اپنے ساتھ نہ لائیں۔

ہم نے فول پروف انتظامات کے حوالے سے کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل آئی جی، ڈائریکٹر ایجوکیشن کراچی، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول سندھ اور دیگر محکموں کو لیٹرز جاری کر دیئے ہیں۔

تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کرنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بورڈ سے لیٹر جاری کئے جا ر ہے ہیں جس کے تحت ان مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی ہوگی اور ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔

 انہوں نے کہا کہ تمام اسکولوں اور طلباء وطالبات کی سہولت کے لئے بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر سینٹر لسٹ جاری کر دی گئی ہیں۔

چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ امتحانات کی نگرانی کے لئے بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل قائم کیا جائے گا جہاں نقل کی روک تھام کے لئے بورڈ کی خصوصی ٹیمیں رپورٹ کے حوالے سے اقدامات کریں گی۔ 

امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لئے ایک موثر نظام تشکیل دیا گیا ہے اور یہ پرچے بورڈ کے افسران حب سینٹرز پر پہنچائیں گے جہاں سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ اتھارٹی لیٹر کے ساتھ مہر بند پرچے وصول کر کے اپنے امتحانی مرکز پہنچائیں گے اور جوابی کاپیاں اسکول سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ بورڈ میں جلد از جلد پہنچائیں گے۔ 

ویجلینس آفیسر ہر امتحانی مرکز پر روزانہ کی بنیاد پر وقت امتحان سے آدھے گھنٹہ قبل امتحانی مرکز پر پہنچے گا اور دوران امتحان پورا وقت وہاں پر رہ کر نقل کی روک تھام کے لئے اقدامات اور نگرانی کرے گا۔ 

روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ مرتب کر کے بورڈ میں قائم رپورٹنگ سیل میں جمع کرائے گا۔

چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ ویجلینس آفیسر اپنی موجودگی میں مہر بند لفافے پر دستخط کرے گا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے نقل پر قابو پانے کے لئے اجتماعی کاوش کر رہی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی ہدایت پر شفاف امتحانات کے انعقاد کے لئے تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ 

چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بورڈ نے (کے الیکٹرک) انتظامیہ سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی ہے تاکہ بچے اچھے ماحول امتحانات دے سکیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.