بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب آئندہ برس 6 مئی کو ہوگی

برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب آئندہ برس 6 مئی کو ویسٹ منسٹر ایبے میں منعقد ہوگی۔

بکنگھم پیلس نے اعلان کیا ہے کہ تاجپوشی کی تقریب روایتی انداز میں ہوگی جو پچھلے ایک ہزار سال سے ایسی تقاریب میں اختیار کیا جاتا ہے۔

بکنگھم پیلس کے مطابق شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی رسم نئے شاہی دور کی علامت ہوگی۔

گزشتہ ماہ ملکہ ایلزبتھ کی وفات کے بعد 73 سالہ چارلس بادشاہ بن گئے تھے لیکن ان کی اور ملکہ کمیلا کی تاجپوشی کی تقریب اگلے سال 6 مئی کو ہوگی۔

برطانیہ کے بادشاہ اور ملکہ کی تقریب تاجپوشی سنہ 1066 سے ویسٹ منسٹر ایبے میں منعقد ہو رہی ہے۔

چارلس سوئم برطانیہ کے 41 ویں بادشاہ ہوں گے، وہ ملک کے سب سے ضعیف العمر بادشاہ ہیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ چارلس کچھ روایتی رسومات کو کم کرنا چاہتے تھے کیونکہ ملک میں مصارفِ زندگی کے اخراجات کا بحران جاری ہے۔

لیکن بکنگھم محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ روایتی تقریب کے تمام بنیادی اجزا برقرار رکھے جائیں گے۔

شاہ چارلس صرف برطانیہ نہیں بلکہ 14 دیگر ممالک بشمول آسٹریلیا، کینیڈا، جمیکا، نیوزی لینڈ اور پاپوا نیو گینیا کے بھی بادشاہ ہیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں 70 برس کے بعد تاجپوشی کی تقریب منعقد ہوگی۔ برطانیہ میں تاجپوشی کی آخری تقریب جون 1953 میں ملکہ الزبتھ دوم کی ہوئی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.