بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سندھ: 2 ہفتے لاک ڈاؤن، ٹرانسپورٹ پر پابندی کی تجویز

کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کا پھیلاؤ جاری ہے، جس کی وجہ سے طبی ماہرین نے 2 ہفتے کے لاک ڈاؤن اور انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی صورتِ حال کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس آج وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہو گا، جس کی صدارت وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کریں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 537 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 86 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 489 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 79 فیصد ہو گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں پہلی بار سندھ اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو بھی بلایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبائی وزراء، طبی ماہرین اور پی ایم اے کے نمائندے شریک ہوں گے، جبکہ ڈی جی رینجرز سندھ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں روزانہ 2 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے مریض آ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں سخت فیصلے متوقع ہیں، محکمۂ صحت نے ٹاسک فورس کو 2 ہفتے کے لاک ڈاؤن کی تجویز دی ہے۔

طبی ماہرین نے تجویز دی ہے کہ انٹر سٹی اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ پر بھی 2 ہفتے کی پابندی لگائی جائے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تیزی سے پھیلتی کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے نمٹنے کے لیے کینیڈا کی طرف سے پاکستان کو موبائل وینٹیلیٹرز فراہم کیئے گئے ہیں۔

طبی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے اور تعلیمی سرگرمیاں بھی 2 ہفتے کیلئے بند کر دی جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.