پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر 2014ء سے فارن فنڈنگ کا کیس چل رہا ہے، انہوں نے خود کو بچانے کے لیے دوسروں پر جعلی کیسز بنائے ہیں، یہ ملبہ باقی جماعتوں پر ڈالنا چاہتے ہیں لیکن ملبہ ان ہی پر گرے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ فرخ حبیب روز ٹی وی پر بیٹھ کر ہم پر الزامات لگاتے ہیں، اب یہ فیصلہ ہو جانا چاہیئے کہ کس نے غیر ملکی فنڈنگ لی اور کس نے نہیں لی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پر کسی اور جماعت نے نہیں بلکہ ان کے اپنے آدمی اکبر ایس بابر نے کیس فائل کیا، اکبر ایس بابر پی ٹی آئی کے لیے فنڈز اکھٹا کرتے تھے۔
سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت عارف علوی نے کہا تھا کہ نیب میں کرپٹ افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا، نیب کے کرپٹ افسران کے ثبوت میں صدرِ مملکت کو فراہم کرنے کو تیار ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ دن پہلے نیب آرڈیننس آیا جس کو ہم نے چیلنج کیا ہے، نیب آرڈیننس پر اپوزیشن سے بات کی جائے، نیب قوانین میں جو ترامیم کرنی ہیں تو اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر معاملہ حل کیا جائے۔
Comments are closed.