بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پی ٹی آئی مہنگائی کا سونامی لے آئی: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) ملک میں مہنگائی کا سونامی لے آئی ہے، 1 لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے پیٹرولیم مصنوعات کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے 49 پیسے بڑھا دی گئی

انہوں نے کہا کہ حکومت دراصل عوام سے اپنی نااہلی کی قیمت وصول کر رہی ہے، پی پی پی دور میں عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا بوجھ کبھی عوام پر نہیں ڈالا تھا۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا ہے کہ پی پی پی کی عوام دوست حکومت ہی ملک کو مہنگائی کے سونامی سے بچا سکتی ہے، بجلی کے اگلے روز پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنا یہ ثابت کرتا ہے کہ عمران خان عوام دشمن وزیرِ اعظم ہیں، پاکستان کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والی حکومت سے نجات کے لیے عوام ساتھ دیں۔

اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ نون کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرنے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.