تربیلاڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے پرکنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران ایک حصہ گرگیا

فوٹو: اسکرین شاٹ
تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے پرکنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گرگیا، پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق ٹی فائیو کے بندکا حصہ ٹوٹنے سے ٹنل فائیو میں پانی بھر رہا ہے۔ ٹی فائیو پروجیکٹ میں کام کرنے والے تمام غیر ملکی اورپاکستانی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
ترجمان واپڈا نے تربیلا کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات بھی غلط قرار دے دیں، ذرائع کے مطابق حادثےکے بعد توسیعی پن بجلی منصوبے پر کام روک دیا گیا۔
ترجمان واپڈا کا کہنا ہےکہ ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکالا جاچکا، زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے، پروجیکٹ کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کوکوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ترجمان واپڈا کے مطابق واپڈا کے سینئر افسران ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہری پورکا کہنا ہےکہ آئندہ 2 سے 3 دن میں دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بڑھنےکاامکان ہے، دریائے کنارےآباد شہری احتیاطی تدابیراختیارکریں، شہری اپنے مال مویشیوں کو فوری محفوظ مقامات پرمنتقل کریں۔
بشکریہ جیو نیوز