جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار ایوننگ پروگرام کیلئے کمپیوٹرائزڈ داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد

فوٹو: جامعہ کراچی/ فیسبک
جامعہ کراچی نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایوننگ پروگرام کے تحت کمپیوٹر سائنس کے داخلہ ٹیسٹ کا کمپیوٹرائزڈ انعقاد کیا جس میں ہزاروں امیدوار شریک ہوئے۔
دو روزہ داخلہ ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ اتوار 29 نومبر2026 کو منعقد ہوا جبکہ دوسرے مرحلے کا انعقاد کل کیا جائے گا۔
امیدواروں کی سہولت اور امتحانی عمل کو منظم بنانے کے لیے ٹیسٹ 2 کمپیوٹرائزڈ کلاس رومز میں مختلف مرحلوں میں لیا جا رہا ہے۔
داخلہ ٹیسٹ کے لیے خصوصی کمپیوٹرائزڈ ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے جو جدید سافٹ ویئر اور سرور ٹیکنالوجیز پر مبنی ہے۔ اس نظام کے ذریعے بیک وقت کئی سو امیدوار امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں۔
ایپلی کیشن کے ذریعے امتحان دینے والے ٹیسٹ مکمل کرنے والے اور اپنی باری کے منتظر امیدواروں کی براہ راست نگرانی بھی ممکن ہے جبکہ امیدواروں کو ٹیسٹ مکمل کرنے کے فوراً بعد اسکرین پر نتائج دیکھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے اس اقدام کو ادارے کی جدید خطوط پر تشکیلِ نو اور ڈیجیٹل طرزِ حکمرانی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری شعبے کی جامعات میں داخلوں کا عمل میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے تحت ہونا چاہیے۔
بشکریہ جیو نیوز