پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

کراچی میں تعمیر کیے گئے ایک یو ٹرن کے ڈیزائن پر وضاحت کیوں جاری کی گئی؟

پاکستان
کراچی میں تعمیر کیے گئے ایک یو ٹرن کے ڈیزائن پر وضاحت کیوں جاری کی گئی؟

پاکستان میں صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں بنے ایک ’ایلیویٹڈ یو ٹرن‘ پر ہونے والی تنقید کے بعد شہر میں ترقیاتی منصوبوں کی ذمہ دار کمپنی ٹرانس کراچی نے دعویٰ کیا ہے کہ ’یو ٹرن قابل اطلاق بین الاقوامی ڈیزائن کے معیارات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔‘

یونیورسٹی روڈ کے یو ٹرن پر ٹرانس کراچی کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب متعدد افراد نے سوشل میڈیا پر اس کے ڈیزائن پر تنقید کی تھی۔

تاہم ٹرانس کراچی نے اس تنقید کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’اس یو ٹرن کی تعمیر میں یونیورسٹی روڈ پر دستیاب محدود جگہ، سڑک کے مختلف بنیادی ڈھانچے کی ضروریات اور موجودہ ٹریفک کی صورتحال کو مدنظر رکھا گیا ہے۔‘

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، ’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

ٹرانس کراچی نے مزید کیا کہا ہے، اس سے قبل صارفین کے تبصروں پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔

یونیورسٹی روڈ پر واقع یہ یو ٹرن پانچ نومبر کو ٹریفک کے لیے کھولا گیا تھا، جس کے فوراً بعد اس کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی اور شہری حکومت پر تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

رافع سرور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’میں نے یہ منظر چند ہفتے قبل دیکھا تھا اور اُس وقت اپنے ساتھ موجود شخص سے کہا تھا کہ یہ (یو ٹرن) ایک حادثے کا نسخہ ہے۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’اس یو ٹرن کے لیے زیادہ چوڑا موڑ درکار تھا تاکہ گاڑیاں اپنی رفتار کو بتدریج برقرار رکھ سکیں یا کم کر سکیں۔ لیکن اس یو ٹرن پر گاڑیوں کو رفتار کم کر کے 20 تک لانا پڑتا ہے، جس کے باعث حادثات اور ٹریفک کی رکاوٹیں پیدا ہوں گی۔‘

کچھ صارفین اس بات پر بھی ناراض نظر آئے کہ طویل مدت کے بعد یہ یو ٹرن ٹریفک کے لیے کھولا گیا اور یہ ان کی توقعات کے مطابق نہیں ہے۔

اینکر پرسن نادیہ مرزا لکھتی ہیں کہ ’برائے مہربانی کراچی والوں کے زخموں پر نمک مت چھڑکیں۔ اس تنگ سے فلائی اوور جیسی چیز کو تعمیر کرنے میں پانچ برس لگے ہیں۔‘

ایک اور صارف نے اس یو ٹرن کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے طنزاً لکھا کہ ’سمجھ یہ نہیں آ رہا کہ شکریہ کس جینیئس کا ادا کرنا ہے، یقیناً مرتضیٰ وہاب شاباشی کے حقدار ہیں۔‘

تاہم جہاں اس یو ٹرن پر تنقید ہو رہی ہے تو وہیں کچھ صارفین اسے درست قرار دے رہے ہیں۔

سکینہ حسین نے لکھا کہ ’سطحِ زمین پر بنایا گیا یو ٹرن اور بلند سطح (ایلیویٹڈ) یو ٹرن مختلف مسائل کا حل پیش کرتے ہیں۔ اگر سڑک کی سطح پر کافی جگہ موجود ہو تو موڑ وہیں بنایا جا سکتا ہے۔ لیکن جہاں جگہ محدود ہو، وہاں بلند سطح پر بنایا گیا یو ٹرن مڑنے والی ٹریفک کے لیے الگ راستہ فراہم کر سکتا ہے اور مرکزی شاہراہ کی روانی برقرار رکھتا ہے۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’اگر آپ یونیورسٹی روڈ کے ڈیزائن پر تنقید کرنا چاہتے ہیں تو دستیاب جگہ، ٹرننگ ریڈیئس اور اس بات کا موازنہ کریں کہ آیا گاڑیاں محفوظ انداز میں موڑ لے سکتی ہیں یا نہیں۔ یہی وہ انجینیئرنگ کے پہلو ہیں جنھیں آپ نے نظر انداز کر دیا۔‘

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک اور صارف نے لکھا کہ ’یہ فلائی اوور نہیں ہے بلکہ یو ٹرن ہے جو کہ صفورہ چورنگی کی جانب سے آنے والی گاڑیوں کو واپس جامعہ کراچی کی سمت جانے کے لیے ایک اضافی اور بہتر راستہ فراہم کرتا ہے۔‘

اس طرح کا مؤقف عبدالباسط نامی صارف بھی اپناتے ہوئے نظر آئے: ’یہ فلائی اوور نہیں، بلکہ یو ٹرن ہے۔ بڑے اور مصروف شہروں میں ایسے یو ٹرن ٹریفک مینجمنٹ کا حصہ ہوتے ہیں اور یہ بین الاقوامی پیمائش کے مطابق ہے۔‘

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر ٹرانس کراچی کو آخر کار وضاحت جاری کرنی پڑی۔

ٹرانس کراچی نے اپنے وضاحتی بیان میں لکھا کہ ’ایلیویٹڈ یو ٹرن کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس پر ایک کار اور ایک موٹر سائیکل بیک وقت ساتھ ساتھ گزر سکیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر یو ٹرن پر کوئی کار خراب ہو جائے یا رُک جائے تو دوسری کار با آسانی یہاں سے گزر سکتی ہے۔

’یو ٹرن کے ریمپس کی واضح چوڑائی پانچ میٹر جبکہ موڑ کی چوڑائی چھ میٹر رکھی گئی ہے۔ ان پیمائشوں کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ کاروں اور 12 میٹر تک لمبی بسوں کو یو ٹرن سے محفوظ انداز میں گزرنے میں سہولت ہو۔‘

ٹرانس کراچی نے واضح کیا کہ اس ایلیویٹڈ یو ٹرن پر گاڑیوں کی محفوظ نقل و حرکت کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔

بشکریہ بی بی سی اردو