پیر، 30 نومبر، 2026 · 21 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹرمپ سے اختلاف پر یورپ میں پذیرائی، اسپین میں پیڈرو سانچیز کو سیاسی دباؤ کا سامنا

قومی خبریں
ٹرمپ سے اختلاف پر یورپ میں پذیرائی، اسپین میں پیڈرو سانچیز کو سیاسی دباؤ کا سامنا

میڈرڈ:گزشتہ چند برسوں کے دوران اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے بین الاقوامی سطح پر نمایاں شہرت حاصل کی ہے۔ انہیں یوکرین کے مضبوط حامی اور فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے یورپی رہنماؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ سانچیز نے خود کو یورپ میں ترقی پسند سیاست کے ایک اہم نمائندے کے طور پر پیش کیا، بین الاقوامی سطح پر بڑھتی مقبولیت کے باوجود انہیں اپنے ملک میں سیاسی اور معاشی مسائل کا سامنا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسرے دورِ صدارت میں جب متعدد یورپی رہنماؤں نے امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات میں مفاہمت کا راستہ اختیار کیا تو پیڈرو سانچیز نے بعض معاملات پر اختلاف کا اظہار کیا۔ 3 مارچ کو ٹرمپ نے اسپین کے بارے میں کہا تھا کہ امریکا کا اس ملک سے کوئی لینا دینا نہیں۔

اسپین کے وزیراعظم نے نیٹو کے رکن ممالک کے دفاعی اخراجات مجموعی قومی پیداوار کے 5 فیصد تک بڑھانے کے امریکی مطالبے کو بھی مسترد کیا تھا۔ ان فیصلوں کے بعد امریکا اور اسپین کے تعلقات میں اختلافات نمایاں ہوئے جبکہ یورپ میں سانچیز کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے اختلاف کرنے والے رہنما کے طور پر دیکھا جانے لگا۔

اسپین کے اندر پیڈرو سانچیز کی سیاسی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ تقریباً 8 سال سے اقتدار میں موجود ان کی حکومت کو کرپشن سے متعلق تحقیقات، مہاجرین کے بحران، ٹرین حادثات، رہائش کی بڑھتی قیمتوں اور عام شہریوں کو درپیش معاشی مشکلات جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

پیڈرو سانچیز پر خود کسی کرپشن اسکینڈل میں نامزد ہونے کا الزام نہیں ہے اور وہ مسلسل کسی بھی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے ہیں، ان کے قریبی حلقوں اور اہل خانہ سے متعلق تحقیقات نے حکومت کو سیاسی دباؤ میں مبتلا کر رکھا ہے۔

ان کی اہلیہ کے خلاف ابتدائی تحقیقات ایک چھوٹی سرکاری ملازمین کی یونین ’’مینوس لمپیاس‘‘ یعنی کلین ہینڈز کی جانب سے دائر کی گئی قانونی شکایت کے بعد شروع ہوئیں۔ یہ شکایت ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں پر مبنی تھی، جن میں سے بعض بعد میں غلط ثابت ہوئیں۔ مذکورہ یونین کے انتہائی دائیں بازو سے تعلقات بتائے جاتے ہیں جبکہ بعد ازاں انتہائی دائیں بازو کی جماعت ووکس نے بھی ان قانونی کارروائیوں میں فریق بننے کی درخواست دی۔

اسپین کی عدالتوں نے بعض الزامات سے متعلق کارروائی آگے بڑھانے کی اجازت دی ہے، ان معاملات کو لے کر ملک میں سیاسی بحث جاری ہے،پیڈرو سانچیز کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ ان تنازعات کو حکومت کے خلاف سیاسی مہم کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ مخالف سیاسی حلقے حکومت سے جواب دہی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

دوسری جانب پیڈرو سانچیز اپنی حکومت کی معاشی کارکردگی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہیں،گزشتہ چند برسوں میں اسپین کی معیشت نے یورپ کی بڑی معیشتوں کے مقابلے میں بہتر شرح سے ترقی کی ہے۔ جرمنی، فرانس، اٹلی اور برطانیہ کے مقابلے میں اسپین کی معاشی ترقی کی رفتار نمایاں رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2018 سے اب تک اسپین میں مجموعی بے روزگاری کی شرح 15 فیصد سے کم ہو کر 10 فیصد رہ گئی ہے جبکہ نوجوانوں میں بے روزگاری 34 فیصد سے کم ہو کر 22 فیصد تک آ گئی ہے۔ حکومت ان اعداد و شمار کو اپنی معاشی پالیسیوں کی کامیابی کے طور پر پیش کرتی ہے۔

معاشی ترقی کے ان اعداد و شمار کے باوجود عام شہریوں کو مہنگائی، مکانوں کے بڑھتے کرایوں اور روزمرہ اخراجات میں اضافے کا سامنا ہے۔ شہریوں کے لیے رہائش کا حصول مشکل ہوتا جا رہا ہے اور آمدنی کے مقابلے میں اخراجات بڑھنے سے گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے۔ یہی مسائل حکومت کی معاشی کامیابیوں کے دعوؤں اور عوام کے روزمرہ تجربات کے درمیان فرق کو نمایاں کر رہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت