پیر، 30 نومبر، 2026 · 21 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سندھ کی 5 بڑی جامعات عالمی رینکنگ سے باہر، صوبائی وزیرکا وی سیز سے جواب طلب

قومی خبریں
سندھ کی 5 بڑی جامعات عالمی رینکنگ سے باہر، صوبائی وزیرکا وی سیز سے جواب طلب

کراچی: سندھ کی بڑی سرکاری جامعات کی عالمی درجہ بندی میں مسلسل تنزلی اور دنیا کی ابتدائی 1,000 جامعات کی فہرست سے باہر ہونے کی اطلاعات پر صوبائی وزیر جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔ صوبائی وزیر نے 5 بڑی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز سے تحریری وضاحت طلب کرلی جبکہ سیکریٹری جامعات کو غفلت کے مرتکب ذمہ داروں کے خلاف ضابطے کے تحت سخت کارروائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی درجہ بندی میں سندھ کی نمایاں سرکاری جامعات کی پوزیشن مسلسل گرنے اور بعض جامعات کے ابتدائی 1,000 اداروں کی فہرست سے باہر ہونے کی خبروں نے محکمہ جامعات کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ اس صورتحال پر صوبائی وزیر جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا ہے۔

صوبائی وزیر کی جانب سے جن 5 جامعات کے وائس چانسلرز سے وضاحت طلب کی گئی ہے ان میں جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، سکھر آئی بی اے اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

محمد اسماعیل راہو نے سیکریٹری جامعات کو ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ وائس چانسلرز سے فوری طور پر تحریری جواب حاصل کیا جائے اور اگر کسی سطح پر انتظامی غفلت یا کوتاہی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری جامعات کو ہر سال اربوں روپے کی گرانٹس فراہم کی جاتی ہیں، اس کے باوجود تعلیمی اور تحقیقی کارکردگی میں کمی اور عالمی درجہ بندی میں مسلسل تنزلی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ جامعات کو فراہم کیے جانے والے سرکاری وسائل کا مقصد تعلیمی معیار بہتر بنانا، تحقیق کے مواقع بڑھانا اور بین الاقوامی سطح پر اداروں کی ساکھ مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل کی فراہمی کے ساتھ جامعات کی انتظامیہ پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبوں میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ عالمی درجہ بندی میں مسلسل پیچھے جانا ایک سنجیدہ معاملہ ہے جس کی وجوہات کا تعین کرنا ضروری ہے۔

محمد اسماعیل راہو نے متعلقہ جامعات کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مجموعی کارکردگی، تعلیمی معیار، تحقیقی سرگرمیوں اور عالمی درجہ بندی میں تنزلی کے اسباب پر مشتمل جامع رپورٹ جلد از جلد محکمہ جامعات کو پیش کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا اور جامعات کی عالمی سطح پر ساکھ بحال کرنے، تعلیمی معیار بہتر بنانے اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت