اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بلوچستان میں سفاکانہ واردات، کوہلو میں 11 کوئلہ کان کن مزدور اغوا کے بعد قتل

قومی خبریں
بلوچستان میں سفاکانہ واردات، کوہلو میں 11 کوئلہ کان کن مزدور اغوا کے بعد قتل

کوہلو: بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے جاندران میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 11 مزدوروں کو قتل کردیا۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد چمالانگ کول مائنز میں کام کرتے تھے، جنہیں اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ کوہلو کے علاقے جاندران میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو نشانہ بنایا، مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے 11 افراد میں سے 2 کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ تمام لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوہلو منتقل کرنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد مقامی تھے اور چمالانگ کول منصوبے میں کام کرنے والی ایک مقامی کان کنی کمپنی سے وابستہ تھے۔ مزدور معمول کے مطابق 2 گاڑیوں میں سوار ہوکر اپنے کام پر جارہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 11 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کوہلو کے علاقے چمالانگ میں 11 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ معصوم اور محنت کش افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ مزدوروں کو اغوا کرکے قتل کرنا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے، دہشت گردی کے اس سفاکانہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزا دلانا ضروری ہے۔ غیرملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور انسانیت سوز فعل ہے۔ معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

صدر مملکت اور شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی جبکہ سوگوار خاندانوں کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت