پاکستان کی بڑھتی خلائی صلاحیتیں بھارت کے لیے سکیورٹی تشویش بن گئیں

نئی دہلی: پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی اور مقامی صلاحیتوں میں اضافے پر بھارت میں تشویش پائی جانے لگی ہے۔ بھارتی عسکری قیادت نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی خلائی صلاحیتوں کو اپنی قومی سلامتی کے لیے ایک اہم معاملہ قرار دیتے ہوئے فوجی خلائی شعبے میں تیزی سے ترقی کرنے پر زور دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کو خدشہ ہے کہ پاکستان صرف چین کی تکنیکی اور مالی معاونت پر انحصار نہیں کررہا بلکہ اپنے خلائی ادارے سپارکو کے ذریعے مقامی سطح پر بھی صلاحیتوں کو مسلسل فروغ دے رہا ہے۔
بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنی نے پاکستان کی خلائی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خلائی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مختلف ذرائع سے کام کررہا ہے۔ اس سلسلے میں چین کی معاونت کے علاوہ ترکیہ کے ممکنہ تعاون کو بھی اہم قرار دیا جارہا ہے۔
جنرل این ایس راجا سبرامنی نے بھارتی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی فوجی خلائی صلاحیتوں کو تیزی سے ترقی دے تاکہ خطے میں بدلتی ہوئی تکنیکی اور دفاعی صورتحال کا مقابلہ کیا جاسکے۔ ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلائی پروگرام اور اس کے مستقبل میں ممکنہ دفاعی استعمال کو بھی اہمیت دے رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی خلائی سرگرمیوں میں حالیہ پیش رفت کو ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جارہا ہے۔ پاکستانی خلاباز ذیشان علی چینی خلابازوں کے ہمراہ چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں، جہاں وہ مختلف تحقیقاتی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ذیشان علی 25 نومبر کو خلا میں روانہ ہوئے تھے اور وہ وہاں 5 سے 10 روز قیام کریں گے۔ اس دوران وہ چینی خلابازوں کے ساتھ سائنسی اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
پاکستانی خلاباز کی خلائی مشن میں شرکت کو پاکستان اور چین کے خلائی تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ اس پیش رفت کے ساتھ پاکستان کے خلائی پروگرام، مقامی تکنیکی صلاحیتوں اور مستقبل کے خلائی منصوبوں پر بھی توجہ بڑھ رہی ہے۔
پاکستان کی جانب سے خلائی شعبے میں ہونے والی پیش رفت اور بھارتی عسکری قیادت کے حالیہ بیانات نے خطے میں خلائی ٹیکنالوجی کی بڑھتی اہمیت کو اجاگر کردیا ہے، جہاں خلائی تحقیق کے ساتھ مواصلات، نگرانی اور دفاعی ضروریات بھی اہمیت اختیار کرتی جارہی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت