پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند کا راج، متعدد موٹرویز ٹریفک کے لیے بند

لاہور: پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، جس کے باعث مختلف موٹرویز کے متعدد سیکشنز پر ٹریفک معطل کردی گئی جبکہ پنجاب کے کئی شہروں میں اسموگ کی صورتحال بھی برقرار ہے۔ شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے سے موٹرویز پر سفر کرنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دھند کی شدت کے باعث لاہور اسلام آباد موٹروے ایم 2 کے مختلف سیکشنز پر ٹریفک بند کردی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم ون کو برہان سے پشاور تک بند کیا گیا ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم تھری فیض پور سے سمندری تک، موٹروے ایم فور شورکوٹ سے فیصل آباد اور پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو بھی شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔
موٹرویز کی بندش سے مختلف شہروں کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دھند کے باعث سڑکوں پر حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے سے حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے متعدد شہروں میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی شدت بھی برقرار ہے۔ فضائی آلودگی جانچنے والے اعدادوشمار کے مطابق گوجرانوالہ میں صبح 7 بجے فضا میں باریک آلودہ ذرات کی تعداد 667 ریکارڈ کی گئی، جو انتہائی تشویش ناک صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق سرگودھا میں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 533، لاہور میں 456، فیصل آباد میں 382 جبکہ مظفرگڑھ میں 306 ریکارڈ کی گئی۔
دھند اور اسموگ کی مسلسل موجودگی کے باعث شہریوں کو آمدورفت کے ساتھ صحت کے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ خصوصاً سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہونے والے باریک آلودہ ذرات انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت