اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مولانا فضل الرحمان سمیت سب کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شامل ہونا چاہیے: رانا ثنا اللہ

قومی خبریں
مولانا فضل الرحمان سمیت سب کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شامل ہونا چاہیے: رانا ثنا اللہ

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اس معاملے پر پوری قوم کو مسلح افواج کے ساتھ متحد ہوکر کھڑا ہونا ہوگا۔

فیصل آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی پاکستان کے لیے ناگزیر ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو ایک صف میں کھڑا ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کی حمایت اور قومی سطح پر اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سینئر سیاست دان ہیں، تاہم شہدا کے حوالے سے ان کی جانب سے کی گئی بات مناسب نہیں تھی۔ شہدا پوری قوم کے محسن ہیں اور دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے جانیں قربان کرنے والے افراد پوری قوم کے لیے سرخ لکیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس معاملے کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔

ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حامی ہیں، تاہم سندھ کی تقسیم سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کے مطابق صوبوں کی تشکیل اور اس نوعیت کے اہم قومی معاملات پر پارلیمان میں بحث ہونی چاہیے اور تمام فیصلے باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے کیے جانے چاہئیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی کوشش ہے کہ قومی اہمیت کے معاملات پر تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے جائیں، کیونکہ اتفاق رائے سے ہونے والے فیصلے زیادہ پائیدار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم عوام کی رائے جاننے کا ایک ذریعہ ہے، تاہم اس کے انعقاد کا فیصلہ بھی سیاسی اتفاق رائے سے ہی ہونا چاہیے۔

سیاسی قیدیوں اور اختلاف رائے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو عدالت کی جانب سے سزا سنائی جاچکی ہو تو اسے سیاسی قیدی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ہر شہری اور سیاست دان کو اختلاف رائے کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے خواجہ سعد رفیق سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی الگ سیاسی دھڑا تشکیل نہیں دے رہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت