اتوار، 29 نومبر، 2026 · 20 جمادی الثانی، 1448 ہجری

فلسطین کا دو ریاستی حل کسی صورت قبول نہیں: حافظ نعیم الرحمان

قومی خبریں
فلسطین کا دو ریاستی حل کسی صورت قبول نہیں: حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے فلسطین کی آزادی کے لیے مسلم ممالک کی قیادت سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے مسئلے کا دو ریاستی حل کسی صورت قابل قبول نہیں، مسلم سربراہان فلسطینی عوام کو آزادی دلانے کے لیے متفقہ حکمت عملی کا اعلان کریں۔

یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر اپنے پیغام میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین فلسطینی عوام کی ملکیت ہے، جس پر اسرائیل نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ فلسطینی عوام کو مکمل آزادی ملنی چاہیے اور اس مسئلے کا کوئی ایسا حل قبول نہیں کیا جاسکتا جو فلسطین کی تقسیم پر مبنی ہو۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات پر اقوام متحدہ اپنی منظور کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی ہے، جس کے باعث دونوں خطوں کے عوام طویل عرصے سے مشکلات اور ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکی سرپرستی میں اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے اس ظلم کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے عالم اسلام پر بھی زور دیا کہ مسلم ممالک باہمی اختلافات ختم کرکے فلسطین کے معاملے پر متحدہ اور جرات مندانہ مؤقف اپنائیں۔ ان کے مطابق فلسطین کی آزادی محض ایک علاقے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مشترکہ معاملہ ہے، جس

کے لیے مسلم قیادت کو عملی اقدامات اور متفقہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو اب خاموشی ترک کرکے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت