امریکا ایران کے خوف سے افریقا میں نئے فوجی اڈے قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے: پاسداران انقلاب

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے میزائل حملوں کے باعث امریکا مغربی ایشیا میں اپنے فوجی اڈوں سے مؤثر طور پر فائدہ اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں رہا اور اب ایرانی میزائلوں کی پہنچ سے دور رہنے کے لیے افریقی ممالک میں نئی فوجی تنصیبات قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ایران کی عسکری تنظیم اسلامک پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملوں میں خطے میں امریکا کے بعض فوجی اڈے تباہ ہوچکے ہیں، جبکہ دیگر تنصیبات کو اس حد تک نقصان پہنچا ہے کہ وہ اب استعمال کے قابل نہیں رہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی حکام ایران کے میزائلوں کی زد سے باہر رہنے کے لیے متبادل مقامات تلاش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں کینیا سمیت مشرقی افریقا کے علاقے ہارن آف افریقا میں نئے فوجی اڈے قائم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
حسین محبی کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی طاقت استعمال کرنے کے باوجود امریکا اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا، جس کے بعد واشنگٹن نے جنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق امریکی پسپائی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران نے مخالف قوت کو اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان نے مزید کہا کہ اگر امریکا فوجی کارروائیوں کے ذریعے اپنے اہداف حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہوتا تو وہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھتا، تاہم صورتحال نے اسے پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے فوجی محاذ پر مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد معاہدے کا راستہ اختیار کیا، کیونکہ اسے احساس ہوگیا تھا کہ جنگ جاری رکھنے سے بھی اس کے مقاصد پورے نہیں ہوسکیں گے۔ ایرانی عہدیدار کے مطابق خطے میں امریکی فوجی موجودگی کو درپیش مشکلات نے واشنگٹن کو اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے پر مجبور کیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت