بنگلا دیش میں عمرہ زائرین کا طیارہ ٹیک آف سے قبل روک دیا گیا، 420 مسافروں کا ہنگامی انخلا

ڈھاکا: بنگلا دیش کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والی یو ایس بنگلا ایئرلائن کی پرواز میں فنی خرابی کا الرٹ سامنے آنے کے بعد پائلٹس نے ٹیک آف منسوخ کردیا اور ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا۔ طیارے میں سوار 420 مسافروں، جن میں عمرہ زائرین بھی شامل تھے، کو ہنگامی راستوں کے ذریعے سلائیڈز کی مدد سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یو ایس بنگلا ایئرلائن کی پرواز بی ایس 361 نے ڈھاکا سے سعودی عرب کے شہر جدہ کے لیے روانہ ہونا تھا۔ طیارہ رن وے پر ٹیک آف کی تیاری کررہا تھا کہ اسی دوران کاک پٹ میں موجود آلات کی ریڈنگ میں فرق سامنے آیا، جس کے باعث ممکنہ مکینیکل خرابی کا الرٹ ظاہر ہوا۔
پائلٹس کے مطابق آلات کی غیر معمولی ریڈنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اصولوں کے تحت پرواز کو فوری طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔ طیارے نے ٹیک آف منسوخ کرتے ہوئے اچانک بریک لگائی، جس کے نتیجے میں رن وے پر پہیوں اور زمین کے درمیان شدید رگڑ پیدا ہوئی اور لینڈنگ گیئر کے قریب دھواں اٹھنے لگا۔ دھوئیں کے باعث طیارے میں آگ لگنے کا تاثر پیدا ہوا اور صورتحال کو ہنگامی نوعیت کا قرار دیا گیا۔
واقعے کے بعد طیارے میں موجود مسافروں کو فوری طور پر ہنگامی اخراج کے راستوں سے باہر نکالنے کا عمل شروع کیا گیا۔ عمرہ زائرین سمیت تمام 420 مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے طیارے سے اتارا گیا اور بعد ازاں بحفاظت ایئرپورٹ ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے دوران مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
دوسری جانب یو ایس بنگلا ایئرلائن نے واقعے سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ طیارے کے انجن، پہیوں، لینڈنگ گیئر یا کسی دوسرے حصے میں آگ نہیں لگی تھی۔ رن وے پر اچانک بریک لگانے کے باعث پہیوں کے قریب پیدا ہونے والے دھوئیں سے آگ لگنے کا تاثر پیدا ہوا تھا۔
ایئرلائن کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر طیارے کے پہیوں کو ٹھنڈا کرنے کے لیے ان پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جاسکے، مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے پرواز روکنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد ایئرلائن انتظامیہ نے مسافروں کو ان کی منزل جدہ پہنچانے کے لیے متبادل طیارے کا انتظام کیا تاکہ عمرہ زائرین سمیت دیگر مسافروں کا سفر مزید تاخیر کا شکار نہ ہو۔ تمام مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے بعد متبادل پرواز کے ذریعے روانگی کے انتظامات کیے گئے۔
طیارے میں 420 مسافروں کی موجودگی کے باعث واقعے کو اہم حفاظتی معاملہ قرار دیا جارہا ہے، ایئرلائن کی وضاحت کے مطابق طیارے میں آگ لگنے کی اطلاع درست نہیں تھی اور تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت