پیر، 30 نومبر، 2026 · 21 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مولانا فضل الرحمن خیریت سے ہیں، سفر کی تھکن کے باعث اسپتال لے جایا گیا، جے یو آئی

قومی خبریں

ملتان: جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی صحت سے متعلق ترجمان نے اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن الحمدللہ مکمل خیریت سے ہیں اور ان کی تمام طبی رپورٹس تسلی بخش ہیں۔ دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے جماعت کے 800 سے زائد کارکنوں اور عہدیداروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جنہیں مختلف تھانوں اور جیلوں میں رکھا گیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے ترجمان اسلم غوری نے مولانا فضل الرحمن کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ کئی روز کے مسلسل سفر اور تھکن کے باعث مولانا کی طبیعت میں خرابی محسوس ہوئی تھی، جس کے بعد ملتان انتظامیہ کے اصرار پر انہیں معمول کے طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے جن کی رپورٹس الحمدللہ بالکل نارمل اور تسلی بخش ہیں۔

اسلم غوری کے مطابق موجودہ حالات کے باعث مولانا فضل الرحمان لاہور سے لاڑکانہ بذریعہ سڑک سفر کر رہے تھے۔ دوران سفر رحیم یار خان کے مقام پر پولیس نے انہیں روکا اور ملتان میں ان کی رہائش گاہ پر محدود کردیا، جس کے باعث وہ اپنا سفر جاری نہ رکھ سکے۔

ترجمان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کو رہائش گاہ سے اسپتال منتقل کرنے اور طبی معائنے کے بعد واپس رہائش گاہ پہنچانے تک تمام جماعتی ذمہ داران ان کے ہمراہ موجود رہے۔ سیکریٹری جنرل جمعیت علمائے اسلام پنجاب حافظ نصیر احرار، طارق بلوچ اور دیگر ذمہ داران بھی ان کے ساتھ ہیں۔

اسلم غوری نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ مولانا فضل الرحمان کی صحت کے حوالے سے غیر ضروری تشویش پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت سے متعلق خبروں کی غیر محتاط اور غیر ذمہ دارانہ تشہیر سے کارکنوں اور عوام میں بے چینی پیدا ہوئی ہے، طبی معاملات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا کسی بھی طور مناسب نہیں۔ انہوں نے کارکنوں سے مولانا فضل الرحمان کی صحت و سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی بھی اپیل کی۔

دریں اثنا جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی کوآرڈینیٹر ڈیجیٹل میڈیا سیل انجینئر ضیاء الرحمن نے بھی مولانا فضل الرحمان کی صحت سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مولانا سے بات ہوئی ہے اور وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔

انجینئر ضیاء الرحمن کے مطابق مولانا فضل الرحمان لاہور سے شہید اسلام کانفرنس میں شرکت کے لیے سندھ جا رہے تھے، سندھ اور پنجاب کے سرحدی علاقے میں انہیں پنجاب سے سندھ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے باعث انہیں رات کے وقت واپس ملتان آنا پڑا، مسلسل سفر کی تھکن کے علاوہ مولانا کو کوئی طبی مسئلہ درپیش نہیں تھا اور ملتان انتظامیہ کے اصرار پر انہیں معمول کے معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں تمام طبی ٹیسٹ بالکل نارمل آئے۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں اپنے 800 سے زائد کارکنوں اور عہدیداروں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ جے یو آئی کے ترجمان عبدالجلیل جان کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران جماعت کے 800 سے زائد کارکنوں اور عہدیداروں کو حراست میں لیا گیا ہے، جنہیں مختلف تھانوں اور جیلوں میں رکھا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں مولانا فضل علی، مفتی فضل غفور، مفتی ناصر محمود، نورالاسلام اور اعجاز خان سمیت متعدد جماعتی رہنما اور کارکن شامل ہیں۔

عبدالجلیل جان نے گرفتاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے 46، لوئر کوہستان سے 21، مردان سے 125، نوشہرہ سے 80، کوہاٹ سے 16، بونیر سے 121 اور صوابی سے 300 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

اسی طرح سوات سے 23، مانسہرہ سے 17، شانگلہ سے 58 اور دیر پائین سے 3 کارکنوں کی گرفتاری کی اطلاع دی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں نامزد کارکنوں اور عہدیداروں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت