پیر، 30 نومبر، 2026 · 21 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران میں انٹیلی جنس وزیر کی تقرری کیلیے اسلامی قانون کی ڈگری کی شرط ختم

قومی خبریں

تہران: ایران کی پارلیمنٹ نے اتوار کو ایک اہم بل منظور کرلیا ہے جس کے تحت اب اسلامی قوانین میں اعلیٰ ڈگری نہ رکھنے والا شخص بھی ملک کا وزیرِ انٹیلی جنس مقرر کیا جاسکے گا۔ اس قانون سازی کے ذریعے گزشتہ 4 دہائیوں سے زائد عرصے سے نافذ اس شرط میں نرمی کی گئی ہے جس کے تحت وزیرِ انٹیلی جنس کے امیدوار کے لیے اسلامی قانون میں اعلیٰ قابلیت رکھنا لازمی تھا۔

ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کیے گئے بل کے تحت وزارتِ انٹیلی جنس کے سربراہ کی تقرری کے لیے تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہلیت کے معیار میں تبدیلی کی جائے گی،امیدوار کے لیے ضروری ہوگا کہ اس نے اجتہاد کا درجہ حاصل کیا ہو یا کم از کم ماسٹرز کی ڈگری رکھتا ہو۔ اس کے علاوہ امیدوار کے پاس انٹیلی جنس کے شعبے میں عملی تجربہ ہونا اور کم از کم 10 سال تک درمیانے یا اعلیٰ انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ترمیم کا مقصد وزارتِ انٹیلی جنس کے سربراہ کی تقرری کے لیے اہلیت کے دائرے کو وسیع کرنا ہے تاکہ مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیمی قابلیت اور متعلقہ شعبے میں انتظامی تجربہ رکھنے والے افراد بھی اس اہم عہدے کے لیے اہل ہوسکیں۔

ایران کی وزارتِ انٹیلی جنس کا عہدہ سابق وزیر 65 سالہ اسماعیل خطیب کی ہلاکت کے بعد سے خالی ہے۔ اسماعیل خطیب 2021 سے وزیرِ انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز تھے اور ان کا شمار مذہبی عالم کے طور پر ہوتا تھا۔ فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق جنگ کے آغاز میں امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملے میں وہ ہلاک ہوگئے تھے۔

22 مارچ کو اسماعیل خطیب کی ہلاکت کے چند روز بعد ایرانی صدر کے ترجمان نے وزارتِ انٹیلی جنس کے لیے قائم مقام وزیر کی تقرری کا اعلان کیا تھا، تاہم اس وقت قائم مقام وزیر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے حکومت پر زور دیا ہے کہ بل کی حتمی منظوری کے بعد مستقل وزیرِ انٹیلی جنس کی تقرری میں مزید تاخیر نہ کی جائے، موجودہ حالات کے پیش نظر اس اہم وزارت میں مستقل سربراہ کی تعیناتی جلد از جلد ہونی چاہیے۔

پارلیمنٹ سے منظوری کے باوجود یہ بل ابھی قانونی طور پر حتمی منظوری کا منتظر ہے۔ حتمی منظوری اور قانون بننے کے بعد نئے معیار کے تحت وزیرِ انٹیلی جنس کی مستقل تقرری کی راہ ہموار ہوسکے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت