پیر، 30 نومبر، 2026 · 21 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان کے پہلے خلاباز کل رات زمین پر واپس پہنچیں گے، ملک بھر میں استقبال کی تیاریاں

قومی خبریں
پاکستان کے پہلے خلاباز کل رات زمین پر واپس پہنچیں گے، ملک بھر میں استقبال کی تیاریاں

اسلام آباد: پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی چین کے اشتراک سے تاریخی خلائی مشن مکمل کرنے کے بعدکل رات زمین پر واپس پہنچیں گے، ان کی واپسی کے موقع پر استقبال کی تیاریاں جاری ہیں جبکہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں اس تاریخی لمحے کے براہ راست مناظر دکھانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی اپنا تاریخی خلائی مشن مکمل کرنے کے بعد چین کے خلائی اسٹیشن ’’تیانگونگ‘‘ سے زمین کی جانب واپسی کا سفر شروع کریں گے۔ وہ چین کے 2 دیگر خلابازوں ژانگ ژی یوان اور لی جیا ینگ کے ہمراہ خلائی جہاز میں سوار ہوکر زمین پر واپس آئیں گے۔

چین کے میڈیا رپورٹس کے مطابق خلائی عملے کی واپسی شمالی چین کے علاقے ڈونگ فینگ میں ہوگی۔ پاکستانی خلاباز کی واپسی کا عمل آج رات تقریباً 9 بجے شروع ہوگا جبکہ ان کی زمین پر لینڈنگ رات تقریباً 2 بجے متوقع ہے۔

پاکستانی خلاباز کی تاریخی واپسی کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ اس حوالے سے مختلف تعلیمی اداروں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ اور اساتذہ اس تاریخی لمحے کو براہ راست دیکھ سکیں۔ تعلیمی اداروں میں بڑی اسکرینیں نصب کرکے خلائی جہاز کی واپسی اور لینڈنگ کے مناظر دکھانے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔

اس اقدام کا مقصد طلبہ کو پاکستان کی خلائی تاریخ کے اس اہم سنگ میل سے روشناس کرانا اور سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں دلچسپی پیدا کرنا ہے۔ طلبہ کو اپنے ملک کے پہلے خلاباز کی کامیاب واپسی کا منظر اجتماعی طور پر دیکھنے کا موقع ملے گا۔

چینی حکام کے مطابق پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے چین کے خلائی مشن کے دوران انہیں تفویض کیا گیا سائنسی تجربہ کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔ پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہیں۔

محمد ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے خلائی سفر پر روانہ ہوئے تھے۔ وہ اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے شریک ہوئے اور چینی خلابازوں کے ساتھ مشترکہ سائنسی تحقیق میں حصہ لیا۔

ان کی خلائی مشن میں شرکت پاکستان اور چین کے سائنسی و تکنیکی تعاون کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔ اس مشن کے ذریعے پاکستانی خلاباز کو خلائی ماحول میں تحقیق اور سائنسی تجربات میں عملی شرکت کا موقع ملا۔

پاکستانی خلاباز کی زمین پر واپسی کو ملک کی خلائی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ قرار دیا جارہا ہے، جسے براہ راست دیکھنے کے لیے تعلیمی اداروں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کی کامیاب واپسی سے پاکستان کے خلائی پروگرام اور مستقبل میں خلائی تحقیق کے نئے امکانات کے حوالے سے بھی امیدیں وابستہ کی جارہی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت